سٹریٹ چلڈرن کے حقوق کا عالمی دن اور پیپلز پارٹی کا منشور


12 اپریل دنیا بھر میں سٹریٹ چلڈرن کے عالمی دن کے نام سے منسوب ہے جو دنیا کے کئی ممالک میں منایا جاتا ہے۔دنیا میں 10 کروڑ سے زائد بچوں کی افزائش شہروں کی سڑکوں پر ہو رہی ہے، جن میں سے 15 لاکھ بچے پاکستان میں ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں تنازعات اور ایشیا اور افریقہ میں کساد بازاری، قدرتی آفات اور دوسرے عوامل کی وجہ سے بچے بہت سی مشکلات کا شکارہیں۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کا کنونشن، جو بغیر کسی جنس، نسل، قومیت، زبان، مذہب، صلاحیتوں یا امتیاز کے بچوں کے حقوق کی حفاظت کر رہا ہے ،کے سیاسی، معاشی، سماجی، صحت اور ثقافتی حقوق ہر جگہ کے تمام بچوں کے لئے یکساں ہونے چاہئیں مگر اس کے باوجود پوری دنیا میں بچے مشکلات کا شکار ہیں۔

پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سٹریٹ چلڈرن کچرا کنڈی، سگنلز، بس سٹاپ پر بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔ سماج سے دھتکارے ہوئے ان بچوں کو لوگ کئی ناموں سے پکارتے ہیں۔ ان میں سے کئی بچے فٹ پاتھ پر ہوش سنبھالتے ہیں اور یہیں پر مر کھپ جاتے ہیں۔ اور ان سٹریٹ چلڈرن میں کافی بچے سٹریٹ کرائمز سے لے کر جرم کی دنیا کے بادشاہ بن جاتے ہیں۔ ان کا اوڑھنا،بچھونا یہی سڑکیں ہیں۔ پاکستان بھی اقوام متحدہ کے ان ممالک میں شامل ہے جو بچوں کے حقوق کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے کہ وہ بچوں کے عالمی حقوق کی پاسداری کرے گا۔ تاہم ہر دن سڑک سے منسلک بچوں کے حقوق سلب کر کے انہیں ظلم و زیادتی کا شکار بنایا جاتا ہے۔ پاکستان میں ابھی تک ان سٹریٹ چلڈرن کی تعداد کو کم کرنے اور ان کے تحفظ کے لیے کوئی قانون سازی متعارف نہیں کرائی گئی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کوسٹریٹ چلڈرن کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ سٹریٹ چلڈرن کو مساوی و موافق سہولیات فراہم کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ سٹریٹ چلڈرن کو ملک کے ذمہ دار و باصلاحیت شہری بنانے کے ضمن میں سہولیات کی فراہمی کے لئے قانون سازی کی جائے تاکہ ملکی ترقی میں انہیں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو منوانے کا موقع مل سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے 2018ء کے انتخابی منشور میں سڑکوں پر بھٹکتے بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات شامل کیے جائیں گے۔

یقینا بلاول بھٹو زرداری کا یہ اہم اعلان ان بچوں کی زندگیوں میں تمام درپیش تکالیف تو ختم نہیں کر سکتا مگر ان بچوں کی زندگیاں تبدیل کرنے کے لئے سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کو چاہئے کہ سڑک سے منسلک ان بچوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور انہیں اپنے پارٹی منشور کا حصہ بنائیں۔ بچوں کی عالمی تنظیموں کے کنسورشیم کی جانب سے#OurTime17 کے تحت مہم جاری ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس مہم کی بھر پور حمایت کریں تاکہ سٹریٹ چلڈرن کی زندگیوں کو بہتر بناسکیں۔ اگر ہم ایسا نہیں کریں گے تو یہ غلط ہاتھوں میں جا کر معاشرے کے لئے ایک ناسور بن جائیں گے۔ اس لئے ان کو بچانے کے لئے مشترکہ عالمی کاوشوں اور انفرادی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کو اس ہولناک صورتحال سے باہر نکال کر ہم ان کے اچھے مستقبل کے لئے ان کے لیے امید کی کرن بن سکیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).