دنیا کے سب سے کم عمر حکمران کون؟


امینیوئل میکخواں

39 سالہ امینیوئل میکخواں فرانس کی تاریخ کے سب سے کم عمر صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کے انتخاب نے لوئی نپولین بوناپارٹ کا 170 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو 1848 میں 40 برس کی عمر میں صدر منتخب ہوئے تھے۔ فرانس کی آبادی کی اوسط عمر 41 برس ہے، سو میکخواں اس سے بھی دو برس چھوٹے ہیں۔ تاہم دنیا کے دوسرے ملکوں میں میکخواں سے بھی کم عمر رہنما برسرِ اقتدار ہیں۔

جوری ریتاس، ایسٹونیا

سابقہ سوویت یونین کا حصہ جمہوریہ ایسٹونیا نے جب 2016 میں ایک مخلوط حکومت منتخب کی تو جوری ریتاس اس کے وزیرِ اعظم بن گئے۔ 38 سالہ راتاس اس بلقانی ریاست کی روسی بولنے والی آبادی میں خاصے مقبول ہیں۔

وولودی میر گروئسمان، یوکرین (38 سالہ)

ایک اور سابق روسی ریاست بلقان میں ایک اور 38 سالہ وزیرِ اعظم وولودی میر گروئسمان حکمران ہیں۔ تاہم یورپ کے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں اصل اقتدار دراصل صدر پیترو پوروشنکو کے ہاتھوں میں ہے۔

کم جونگ ان، شمالی کوریا (34 سال)

شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان کچھ زیادہ مقبول رہنما نہ سہی، لیکن وہ اس وقت دنیا کے دوسرے کم عمر ترین سربراہ ہیں۔ ان کی عمر صرف 34 برس ہے۔ وہ 2012 سے اقتدار میں ہیں، اور جوہری ہتھیاروں اور دور مار میزائل پروگرام کی تیاری کی نگرانی کر رہے ہیں۔

وینیسا ڈی امبروسیو، سان مرینو (29 سال)

اس وقت دنیا کی کم عمر ترین سربراہِ مملکت کا سہرہ ایک بےحد چھوٹے ملک سان مرینو کی حکمران وینیسا ڈی امبروسیو کے سر سجتا ہے۔ ان کی عمر صرف 29 سال ہے۔ سان مرینو چاروں طرف سے اٹلی میں گھرا ہوا ہے اور اس کی آبادی صرف 33 ہزار ہے۔

جگمے کھیسار نامگیل وانچک، بھوٹان

اگر اس فہرست میں غیر منتخب شدہ بادشاہوں کو بھی شامل کیا جائے تو پھر بھوٹان کے شاہ جگمے کھیسار نامگیل وانچک بھی اس کا حصہ بن جائیں گے جن کی عمر 37 برس ہے۔ بھوٹان کے اصلاح پسند بادشاہ جگمے ملک کے ثقافتی ورثے کو تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ عوام میں بےحد مقبول جگمے 2006 سے ملک کے شہنشاہ ہیں، اور وہ اس ہمالیائی ریاست کے ماحول اور ثقافت کو نقصان پہنچائے بغیر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ وہ شنہاہیت کے خاتمے اور آئینی حکومت کے نفاذ کے بھی خواہاں ہیں۔

شیخ تمیم بن حماد الثانی، قطر  (36 برس)

ایک اور شاہی حکمران شیخ تمیم ہیں جنھوں نے اپنے والد سے قطر کی امارت سنبھالی تھی۔ 36 سالہ شیخ تمیم نے برطانیہ کی مشہورِ زمانہ سینڈہرسٹ فوجی اکیڈمی سے تربیت حاصل کی ہے اور وہ ملک کی فوج کے ڈپٹی کمانڈر بھی ہیں۔ انھیں کی قیادت میں قطر میں 2022 میں فٹبال کے ورلڈ کپ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ قطر کا شمار اس وقت خلیج کے مالدار ترین ملکوں میں ہوتا ہے۔

کم عمر رہنماؤں کا تو ذکر ہو گیا، دنیا کے سب سے معمر رہنما کون ہیں؟

زمبابوے کے رابرٹ موگابے دنیا کے سب سے معمر حکمران ہیں۔ ان کی عمر 93 برس ہے۔ وہ 1980 سے اقتدار میں ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک صدر رہیں گے جب تک ملک کے عوام انھیں صدر دیکھنا چاہیں گے۔ تاہم ان کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ان کے طویل اقتدار کا راز سیاسی مخالفین کا استحصال اور انتخابات میں دھاندلی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp