اسامہ بن لادن کی رقم، زرداری کا مقدمہ اور عمران خان کی دم


تحریک انصاف کی جانب سے پیپلزپارٹی کا مقدمہ لڑنا عمران خان کے لئے سیاسی خودکشی کے مترادف ہوگا

جو بچے کچھے ساتھ رہ گئے ہیں، وہ بھی پیپلزپارٹی کو پیارے ہوجائیں گے

عمران خان اسامہ بن لادن فنڈنگ کیس کو سپریم کورٹ لے جارہے ہیں

یہ معاملہ جب میڈیا کی زینت بنے گا تو دراصل عوام کو ان الزامات کی یاد دہانی کرائی جائے گی کہ مبینہ طور پر کیسے میاں نواز شریف نے پیپلزپارٹی کو شکست دینے کے لئے اسامہ بن لادن سے پیسے لئے اور پھر یوسف رمزی کو بے نظیربھٹو کے قتل کے لئے مقرر کیا گیا

عوام ابھی تک نہیں بھولے کہ 2013 کے عام انتخابات میں طالبان نے پیپلزپارٹی کو کمپئن چلانے سے روکا، ان کے امیدوار قتل ہوئے، پیپلزپارٹی کے ایک سابق وزیراعظم کے صاحبزادے کو الیکشن مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا، پنجاب کے مقتول گورنر کا بیٹا بھی اغوا کیا گیا

اسامہ بن لادن کی فنڈنگ کے معاملے کی یاددہانی کے بعد عوام کی ہمدردیاں پیپلزپارٹی کے لئے مزید بڑھیں گی

عمران خان اصغرخان کیس کو بھی عملدرآمد کے لئے سپریم کورٹ لے جارہے ہیں

پہلے پاکستان تحریک استقلال (پی ٹی آئی) کے اصغرخان نے پیپلزپارٹی کی جنگ لڑی تھی اور اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عمران خان یہ جنگ لڑرہے ہیں

اصغرخان کیس میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ فوجی جرنیلوں نے پیپلزپارٹی کو ہرانے کے لئے پانی کی طرح عوام کا پیسہ لٹایا

پیپلزپارٹی کی جنگ جو ریاستی اداروں سے ٹکراؤ سے بچنے کے لئے پیپلزپارٹی کبھی خود بھی نہیں لڑے گی، وہ عمران خان لڑرہے ہیں، پیپلزپارٹی کے لئے وِن وِن سچویشن ہے گویا ہینگ لگے نہ پھٹکڑی اور رنگ بھی چوکھا آئے

پیپلزپارٹی میاں نوازشریف کے خلاف وہ انتہائی غیرمعیاری زبان وبیان استعمال ہی نہیں کرسکتی تھی، جو عمران خان نے کی گویا پیپلزپارٹی کا کام بھی ہوگیا اور عزت سادات بھی نہ گئی

سیالکوٹ کے جلسے میں آصف زرداری کو کرپٹ کہنے والے عمران خان نے جسٹس قیوم کی شہباز شریف سے بات چیت کا آڈیو کلپ چلادیا، یہ آصف زرداری کی بے گناہی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ اسی آڈیوکلپ کی وجہ سے آصف زرداری کے خلاف کرپشن کے مقدمات خارج ہوئے اور جسٹس قیوم کو گھر جانا پڑا جبکہ احتساب کمیشن کے سربراہ سیف الرحمان نے کمرہ عدالت میں کرپشن کے جھوٹے مقدمات بنانے پر آصف زرداری کے قدموں میں گر کر معافی مانگی

عمران خان بظاہر نوازشریف کے خلاف کسی بھی حد تک جانے کو تیار نظرآرہے ہیں اور ادھر نوازشریف کیمپ کا بھی یہی حال ہے

جمائما خان کے لیٹر کے بعد بنی گالا پراپرٹی کیس میں عمران خان پھنس چکے ہیں، نیازی سروسز آف شور کمپنی کے حوالے سے منی ٹریل ثابت کرنا عمران خان کے سیاسی کیرئیر کو نقصان دے گا
اصول وضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں تو عمران خان بظاہر کسی صورت نہیں بچ سکتے کیونکہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق کوئی سیاسی جماعت بیرون ملک سے فنڈ اکھٹے نہیں کرسکتی اور بیرون ملک فنڈنگ کو عمران خان تسلیم کرچکے ہیں، اس فنڈنگ میں کرپشن کے حوالے سے اکبر ایس بابر کی پٹیشن رہی سہی عزت کا جنازہ بھی نکال دے گی
بچپن میں صوفی غلام مصطفٰی تبسم کی نظم پڑھی تھی

صورت حال اسی نظم کے مصداق ہوچکی ہے

ایک تھا تیتر، ایک بٹیر
لڑنے میں تھے دونوں شیر
لڑتے لڑتے ہو گئی گم
ایک کی چونچ اور ایک کی دم


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).