CUT کٹ


افغانستان اور مشرق وسطےٰ کی تباہی کا فلمایا ہوا منظر نامہ
۔
لینز پہ کچھ منظر تیزی سے ابھر رہے ہیں۔
پہلا منظر بیل ہانکتے
ہل کے پھل پر پاؤں رکھے دہقان کا ہے، جو
کھیت جوت کر فصل کی آس میں

خون پسینہ اک کرتا ہے

دوسرا منظر سوکھے اُپلے چُنتی اُس عورت کا ہے جو
سوچ رہی ہے، کب گھر پہنچے
اور بچوں کی روٹی سینکے

تیسرا منظر گاؤں کے وسط میں شور مچاتے بچوں کا ہے
جوچھٹی کے دن گیند کے پیچھے بھاگ رہے ہیں

چوتھا منظر بوڑھوں کا ہے
جو چوپال میں پیڑ کے نیچے
بیٹھے، حقّہ تازہ کرتے
کھانس کھانس کر خوش گپّیوں میں وقت کاٹتے
شام ڈھلے ہی گھر جاتے ہیں

ہیں نہ خوشی کے سارے منظر؟
دل کو راحت دینے والے
آنکھ میں ٹھنڈک بھرنے والے؟

یہ منظر مردار خور گِدھّوں کا ہے، جو
اپنی منقاروں میں بم، میزائل اٹھائے
دور اُفق سے گڑ گڑ کرتے
چشم زدن میں گاؤں کے اوپر چھا جاتے ہیں

بعد کے منظر سب گڈ مڈ ہیں
بیل ہانکتا ہاری
اُپلےء چُنتی عورت
گیند کھیلتے بچے
پیڑ کے نیچے بوڑھے

یہ منظر اب خون میں لتھڑے اک دوجے سے مل جاتے ہیں
پھٹتے گولوں، تیز دھماکوں کی آندھی میں
سب کچھ گڈ مڈ ہو جاتا ہے

گِدھّوں کے واپس جانے تک
بس اک منظر رہ جاتا ہے
خاک و خوں میں لتھڑی لاشیں

دیر کہاں لگتی ہے لینز کے اک منظر کے
دوجے منظر میں جُڑنے سے

۔ ۔ ۔ ۔
CUT فلم ڈائریکٹر کا ایکشن روکنے کا حکم

Facebook Comments HS