کیا سب بدل جاتا ہے؟

سوویت فوجیں افغانستان میں اس دلیل کی بنا پر اتاری گئی تھیں کہ کابل کے انقلابِ ثور کو رجعت پسند سامراجی پٹھوؤں سے خطرہ لاحق ہے۔ جس طرح امریکی فوجیں جنوبی ویتنام کو کیمونسٹ خطرے سے بچانے اور جس طرح صدام حسین سے باقی دنیا کو بچانے کے لئے عراق میں داخل ہوئیں۔
سوویت فوجوں نے بھی مزاحمت کچلنے کے لئے قندھار کی اسی طرح اینٹ سے اینٹ بجائی تھی جس طرح امریکی فوجوں نے ویتنام کے میکانگ ڈیلٹا اور عراقی شہر فلوجہ کی اینٹ سے اینٹ بجائی۔
افعان چھاپہ ماروں نے بھی اسی طرح بجلی گھر، سڑکیں، پل، ائرپورٹ اور سرکاری تنصیبات کو بموں اور بارودی سرنگوں سے اڑایا اور سوویت اور افغان فوجیوں اور سوویت نواز شہریوں کو مارا جس طرح ویت کانگ نے امریکہ اور جنوبی ویتنامی حکومت کے زیرِ استعمال 
ویت کانگ کا بھی یہ نعرہ تھا کہ وہ مادرِ وطن کو امریکی قبضے سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ افغان چھاپہ ماروں کا بھی یہ نصب العین تھا کہ وہ آخری سوویت فوجی کے انخلا تک جہاد کرتے رہیں گے اور عراق کے مزاحمتی گروہوں کا بھی تہیہ ہے کہ امریکی فوجی قبضے کے خاتمے تک لڑائی نہیں رک سکتی۔
کابل میں بھی اسی طرح ایک سوو یت حمایت یافتہ انتظامیہ کام کررہی تھی جس طرح جنوبی ویتنام میں امریکہ نواز حکومت تھی یا جس طرح بغداد میں ایک باقاعدہ مقامی انتظامیہ موجود ہے۔

ویت کانگ گوریلے اور عراقی چھاپہ مار دھشت گرد قرار دئیے گئے یا قرار دئیے جارہے ہیں جبکہ افغان چھاپہ ماروں کو مجاہدین اور آزاد دنیا کے محافظ جیسے القابات ملے۔
میں اس وقت ڈیسک پر بیٹھا سوچ رھا ہوں کہ ڈرامے کے کردار تبدیل ہو جانے سے اصطلاحات کے معنی بھی کیوں بدل جاتے ہیں۔

