موبائل اور بٹیر بازی

اگر موہن دیورا کے پاس موبائل ہوتا تو یہ سب تکلیف ہوتی؟ ظاہر ہے نہ ہوتی، لیکن ایسے کیس صدیوں میں ایک آدھ ہوتے تھے گزارہ چل ہی جاتا تھا۔ ایک آدھ ہفتے انتظار کر کے بندہ گزار لیتا ہے کہاں یہ روز کا گلے پڑا ڈھول بجایا جائے۔ اب تو یہ ہے کہ بھئی سانس لینے کی فرصت ملے نہ ملے جیب سے موبائل نکال کر ضرور دیکھنا ہے۔ اور اس دیکھنے کی ایک عظیم قیمت ہم آپ ادا کرتے ہیں۔ آپ کو یاد ہے آخری مرتبہ موبائل چارجنگ پر لگائے بغیر آپ کب سوئے تھے؟ شاید کسی کو بھی یاد نہیں ہے۔ ایک زمانے میں لوگ پیشگوئی کیا کرتے تھے کہ آنے والے دنوں میں پوری دنیا وائرلیس ہو جائے گی۔ اچھی وائرلیس ہوئی ہے، تاریں ہیں اور اتنی تاریں ہیں کہ اندھیرے میں بندہ اپنے سرہانے پڑی تاروں میں ہی پھنس کے لڑکھڑا جائے۔ ذرا ایک نظر اپنے اطراف میں ڈالیے۔ ایک تار موبائل چارج کرنے کی ہو گی، ایک کسی نہ کسی لیپ ٹاپ میں جا کر ختم ہو رہی ہو گی، وہ نہیں ہو گا تو کوئی ٹیبلیٹ کمپیوٹر ہو گا، ایک تار سے ایمرجنسی پاور بینک چارج ہو رہا ہو گا، شاید ایک آدھا موبائل وہ پرانی قسم کا بھی لگا ہو جو بٹنوں والا ہوتا تھا لیکن بیٹری تین چار دن نکال جاتی تھی۔ یہ سب کیا ہے؟ ایک چیز چارجنگ کو لگائی تو دوسری کی بیٹری ختم، دوسری لگائی تو تیسری ختم اور سب کچھ چل رہا ہے تو ٹی وی کا ریموٹ لازمی چکر لگوائے گا کیوں کہ اس کے سیل ختم ہوں گے۔
اگلے زمانوں میں ہوسٹل کے باسیوں کا سامان چند کتابوں، ایک گدے، ایک دو تکیے اور چار پانچ چادروں پر مشتمل ہوتا تھا۔ رہنے کے لیے یہ سب کافی سمجھا جاتا تھا، باقی کپڑے جوتے حیثیت کے مطابق جتنے لیے جا سکتے ساتھ موجود ہوتے۔ بہت ہو گیا تو گرمیوں کا سہارا ایک کولر تھا جو مئی جون میں ابا کے گھر کی یاد دلا دیتا تھا۔ اب جس کے پاس بھی دیکھیں گے سب سے پہلے ایک عدد ایکسٹینشن وائر ہو گی، جس میں کم از کم تین چارجر لگ سکتے ہوں، پھر اس کے ساتھ اور بہت سی تاروں کا ایک گچھا ہو گا جس میں تین چار ہینڈز فری شامل ہوں گی، ایک دو تاریں سپیکروں کو چارج کرنے کی ہوں گی، ایک فالتو چارجر ہو گا کہ اگر کبھی چارجر خراب ہو جائے اور جنگل یا صحرا میں پھنسے ہوں تو فوراً دوسرا چارجر لگایا جا سکے اور یہ سب ہوتے ہوئے بھی وہ پاور بینک تو لازمی ہو گا۔ آج کل کا انسان دو وقت کے فاقے کاٹ لے گا، نئے کپڑوں میں کفایت برتی جا سکتی ہے لیکن موبائل، موبائل پر کوئی کمپرومائز ممکن نہیں ہے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جیسے پرانے زمانے میں بٹیر بازوں کے ہاتھ میں بٹیرے چوبیس گھنٹے موجود رہتے تھے وہی حال اب موبائل سے ہر بھلے آدمی کا ہو گیا ہے۔
موبائل بنیادی طور پر ہمارے نروز پہ سوار ہو چکا ہے۔ ہر گھڑی دو گھڑی بعد اسے نکال کر دیکھنا عین ویسے ہی عادت بن چکی ہے جیسے بعض لوگ بار بار گھڑی پر ٹائم دیکھتے ہیں۔ پہلے ہر شریف آدمی سوتے ہوئے برابر میں ٹارچ رکھتا تھا، بیچ رات میں اٹھے، وقت دیکھنا ہوا یا واش روم جانا ہوا تو ٹارچ جلائی اور روشنی کی لکیر کے پیچھے ہو لیے۔ اب وقت بھی موبائل بتاتا ہے۔ آنکھیں کھلتے ہی آپ کا ہاتھ موبائل پر جائے گا اور چندھیا دینے والی روشنی میں وقت دیکھیں گے، وقت تو معلوم ہو گیا لیکن نیند کیسے آئے گی؟ آنکھ جب ایک دم ایسی بھرپور لائٹ پر ایکسپوز ہوتی ہے تو دماغ جاگ جاتا ہے، تو یہ ہماری بے خوابیاں بنیادی طور پر اس فون کی دین بھی ہیں۔ ایسے ہی وقت دیکھنے کو آپ موبائل کھولتے ہیں اور سامنے واٹس ایپ یا میسنجر پر کوئی پیغام جھلملا رہا ہوتا ہے، اب اس پر بھی کلک کرنا لازمی ہے۔ یار کیوں لازمی ہے؟ بھئی جسے ارجنٹ کام ہو گا وہ آپ کو فون کر دے گا ورنہ یہ سب صبح بھی دیکھا جا سکتا ہے بلکہ اگلی صبح بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ زندگی میں فون کا اگر کوئی کام ہے تو وہ زیادہ سے زیادہ اس کا بجنا ہے، کال آنا ہے، باقی سب نیند حرام کرنے کے بہانے ہیں۔ زندگی کی تمام ارجنٹ یا خدا معاف کرے بری خبریں ہمیشہ فون پر ہی آتی ہیں ان کے لیے میسج کا بزر کبھی نہیں بجتا!
ایک تجربہ ہو جائے۔ فون سائلینٹ کریں اور دو تین گھنٹے کسی بھی دوسرے کام میں لگانے کی کوشش کیجیے۔ بہت مسئلہ ہے تو کسی بھائی بہن کو فون لاک کر کے دے دیجیے، وہ کالز سن لے، کچھ فوری نوعیت کا ہو تو بتا دے۔ یہ ایسی نشہ آور روٹین بن جائے گی کہ بعد میں دل خود ہی چاہے گا کہ یار اس کمبخت کو کنوئیں میں پھینک دو اور سکون کر لو بس۔ بزرگوں کے کچھ معمولات لگتے بہت عجیب تھے لیکن سوچا جائے تو وہ زندگی کا توازن قائم رکھنے میں بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مثلاً صبح صبح اٹھ کر موبائل کے بجائے اخبار پورا کا پورا چاٹ ڈالا، کوئی دس پندرہ منٹ ہی واک کر لی، تھوڑے بہت پودے گھر میں لگا کر ان کی سیوا کرنا شروع ہو گئے، ایویں کسی بچے کو پیدل لے جا کر سکول چھوڑ دیا، پڑوسیوں کا سودا لے آئے، کوئی بے مقصد بور سی کتاب پڑھ لی، تھوڑے گانے سن لیے یا کچھ بھی ایسا کر لیا جس میں آپ کو لگے کہ ٹائم ضائع ہو گا۔
یہ جو ٹائم ضائع کرنا ہے، اصل میں یہی زندگی ہے، موبائل سے چپکے رہنے کے بجائے اس سے جتنی دوری ہو، زندگی اتنے پاس ہو گی۔ روز دو تین گھنٹے ضائع کرنے کی کوشش کیجے، خدا بے خوابیوں میں اور دیگر مسائل میں بہتری کرے گا، افاقہ نہ ہو تو ایک بار دوبارہ سے بٹنوں والے موبائل فون استعمال کرنا شروع کر دیجیے، کافی حد تک زندگی آپ کی اپنی ہو جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ دنیا

