کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی: وزیر داخلہ کے مشورے


وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم نوازشریف کو مشورے دیےاور کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے اور کچھ ہونے جا رہا ہے کوئی معجزہ ہی آپ کو بچا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے وزیراعظم سے کہا کہ مسٹر پرائم منسٹر جو بات بھی کرتا ہوں منہ پر کرتا ہوں، کبھی خوشامد نہیں کی ،ہمیشہ حقائق پر بات کی.

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ کابینہ اجلاس میں کچھ تاخیر سے پہنچے ،دوران اجلاس انہوں نے وزیراعظم کو مشورے بھی دئیے اور کہا کہ 85ء سے آپ کے ساتھ ہر موقع پر کھڑا رہا ہوں، پارٹی کےساتھ وفاداری نبھائی ہے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ایک مرتبہ آپ سے وزیرخارجہ بنانے کی خواہش کی، کبھی آپ سےکچھ نہیں مانگا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے کہا کہ صورتحال کو مس ہینڈل کیا گیا ،سیاسی اور لیگل ٹیم نےمعاملات کو صحیح طرح سنبھالا ہی نہیں، اداروں کے ساتھ تصادم نہیں ہونا چاہیے، کوئی بہتر راستہ نکالنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے کہا کہ مشاورت کا عمل بھی محدود کر دیا گیا، جونیئر لوگوں کو آگے لایا گیا، خوشامدی مشیروں نے صورتحال کو آج اس مقام تک پہنچادیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے یہ بھی کہا کہ اس دوران جو تقرریں کی وہ نہیں ہونی چاہیں تھیں،جو کچھ ہونے جارہا ہے اس سے کوئی معجزہ ہی آپ کو بچا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس پر وزیراعظم نوازشریف نے چوہدری نثار علی خان سے کہا کہ آپ کو کسی بھی طرح کے تحفظات تھے تو بہتر ہوتا یہاں بات کرنے کے بجائے مجھ سے علیحدگی میں بات کر لیتے۔

ذرائع کے مطابق تاخیر سے اجلاس میں پہنچنے والے وزیرداخلہ کابینہ اجلاس میں اپنی بات کر کے جلدی چلے گئے ۔

بشکریہ: روز نامہ جنگ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).