پاناما فیصلے کے اہم نکات


سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو نا اہل قرار دیا ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوازشریف کی قومی اسمبلی کی نشست سے نا اہلی کا نوٹی فیکیشن جاری کرنے کا بھی حکم دیا ہے، عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ صدرپاکستان آئین کے تحت جمہوری عمل کے تسلسل کے یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔

پچیس صفحات کے تحریری حتمی عدالتی حکم میں کہا گیاہے کہ دوہزار تیرہ کے عام انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی میں ایف زیڈ ای کمپنی سے حاصل اثاثے ظاہر نہ کرنے پر وزیراعظم عوامی نمائندگی کے قانون کے تحت غلط بیانی کے مرتکب ہوئے اور آئین کے آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیے جاتے ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قومی احتساب بیورو نیب کو کہا ہے کہ عدالتی حکم کے چھ ہفتے کے اندر جے آئی ٹی کی جانب سے جمع کیے گئے مواد کی بنیاد پر نوازشریف، مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف ریفرنس دائر کیے جائیں۔

عدالتی حکم کے مطابق پہلا ریفرنس لندن کی ایون فیلڈ پراپرٹی معاملے میں دائر کیا جائے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف، حسن اورحسین کے خلاف عزیزیہ سٹیل کمپنی اور ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ معاملے پر بھی ریفرنس دائر کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے میں سامنے آئی دیگر کمپنیوں کے معاملے پر بھی نوازشریف، حسن اور حسین نواز کے خلاف احتساب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں اسحاق ڈار کے خلاف معلوم ذرائع آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے پر احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کے لئے کہا ہے۔

عدالت نے احتساب بیورو کو حکم دیاہے کہ شیخ سعید، موسی غنی، کاشف محمودقاضی، جاوید کیانی، اور سعید احمد کو بھی ریفرنس میں شامل کیا جائے جو نوازشریف، حسن، حسین، مریم اور اسحاق ڈار کے معلوم ذرائع آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کے عمل میں ان کے ساتھ براہ راست یا بلواسطہ ملوث ہوں۔ عدالت نے کہا کہ اگر اس دوران مزید کوئی اثاثے بھی سامنے آتے ہیں تو ان پر بھی ضمنی ریفرنس دائر کیے جائیں۔

فیصلے کے مطابق احتساب عدالت ریفرنس پر چھ ماہ کے اندر کارروائی مکمل کرکے فیصلہ دے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اگر نیب کسی فرد کی جانب سے جمع کرائی گئی کسی دستاویز کو جعلی پائے تو اس پر قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ عدالتی بنچ نے اپنے فیصلے میں چیف جسٹس سے درخواست کی ہے کہ حکم نامے پر عمل کے لئے ایک نگران جج نامزد کرے جو احتساب عدالت میں زیرسماعت ریفرنسز پر بھی نظر رکھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).