سلون سٹیونز نے یو ایس اوپن جیت لیا


ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں بہترین 16 کھلاڑیوں کی فہرست میں نہ شامل ہوتے ہوئے بھی سلون سٹیونز نے ساتھی امریکی کھلاڑی میڈیسن کیز کو یو ایس اوپن کے فائنل میں شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

درجہ بندی میں 83ویں نمبر کی کھلاڑی سٹیونز نے فلشنگ میڈوز میں 15ویں درجے کی کیز کو 6-3 اور 6-0 سے شکست دی۔

یاد رہے کہ 24 سالہ سٹیونز صرف چھ ہفتے قبل عالمی رینکنگ میں 957 نمبر پر تھیں کیونکہ پاؤں میں چوٹ کے باعث وہ 11 ماہ سے ٹیسن نورنامنٹوں میں شرکت نہیں کر رہی تھیں۔

واضح رہے کہ ٹینس کے اوپن مقابلوں کے آغاز سے وہ صرف پانچویں ایسی فاتح کھلاڑی ہیں جنھیں ٹورنامنٹ شروع ہوتے وقت ٹاپ 16 کھلاڑیوں میں درجہ نہیں دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ سٹیونز اور کیز دونوں ایسی کھلاڑی ہیں جنھوں نے پہلی مرتبہ کسی اوپن ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا ہو۔ ان دونوں کی مجموعی درجہ بندی 99 تھی جو کہ کسی بھی یو ایس اوپن کے فائنل کھیلنے والی کھلاڑیوں کی کم ترین مجموعی رینکنگ ہے۔

کیز اور سٹیون دونوں بچپن کی ساتھی ہیں اور میچ کے اختتام پر دونوں نے کورٹ کے درمیان میں ایک دوسرے کو گلے لگا لیا۔ اس کے بعد سٹیونز کورٹ میں موجود اھنی والدہ سے جا کر گلے ملیں۔

اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ ’میری جنوری میں سرجری ہوئی تھی اور اگر کوئی اس وقت مجھ سے کہتا کہ میں اس سال یو ایس اوپن جیتوں گی تو میں کبھی یقین نہ کرتی۔‘

’یہ سفر انتہائی زبردست تھا اور میں اسے بالکل تبدیل نہ کروں۔‘

’میڈیسن میری دوست ہے اور میں کسی اور کے حلاف کھیلنا بھی نہ چاہتی۔ میں نے اس سے کہا تھا کہ کاش یہ میچ برابر ہو سکتا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp