آئن اسٹائن شاعر نہیں تھا


 آئن اسٹائن کو معلوم تھا
کہ کائنات پھیلتی جا رہی ہے
اور انجام کار اپنے آپ میں سمٹ جائے گی
آخری چرمراہٹ کے بعد

لیکن آئن اسٹائن شاعر نہیں تھا
اسے معلوم نہیں تھا
کہ دیواروں کے آر پار دیکھ لینے سے
زندگی اتنی عریاں ہو گئی ہے
کہ ہماری ہڈیوں کا پگھلا ہوا گودا بھی نظر آنے لگا ہے
اور زمان و مکاں کی ساری اداسی
ہمارے دلوں میں سے گزرتی ہوئی صاف دکھائی دے رہی ہے
اور ہمارے خواب فرشتوں پر عیاں ہو گئے ہیں

اور وہ حیران ہیں
کہ خوابوں کی دنیا میں انسان اتنا بے بس کیوں ہے
اور روشنی کی رفتار حاصل کر لینے کے باوجود
بھاگ کیوں نہیں سکتا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).