لڑکیاں دباؤ سے نہیں اپنی خوشی سے بھی پردہ کرتی ہیں


بالی وڈ کی معروف فلم ‘دنگل’ سے شہرت کی بلندیوں پر آنے والی 17 سالہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے یہ ضروری نہیں کہ برقعہ پہننے والی ہر خاتون دباؤ میں ہو۔

‘دنگل’ کے بعد خواتین کو بااختیار بنانے پر مبنی عامر خان کی فلم ‘سیکرٹ سپر سٹار’ میں زائرہ اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

فلم میں زائرہ ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو برقعہ پہنتی ہے اور وہ انٹرنیٹ پر راتوں رات مشہور گلوکارہ بن جاتی ہے۔ بی بی سی سے خصوصی گفتگو کے دوران زائرہ نے برقعے اور اس سے وابستہ مسائل پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا: ‘جو عورتیں برقع پہنتی ہیں، ان پر لوگوں نے الزام لگا دیا کہ وہ دباؤ میں ہیں۔’

وہ مزید کہتی ہیں: ‘میں ایسی خواتین کو جانتی ہوں جو حجاب پہننا چاہتی ہیں اور انھیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔’ فلم میں زائرہ برقع پہنتی ہیں اور وہ انٹرنیٹ پر مقبول گلوکارہ بن جاتی ہیں

زائرہ بتاتی ہیں کہ ‘کشمیر میں کتنی لڑکیاں ہیں جو اپنی مرضی سے نقاب پہنتی ہیں اور ان کی شادیاں نہیں ہو رہی ہیں۔ ان کے ماں باپ ان پر نقاب اتارنے کا دباؤ ڈال رہے ہیں لیکن وہ نہیں اتار رہیں۔ برقع اور دباؤ دقیانوسی تصورات ہیں۔ ضروری نہیں ہے کہ حجاب پہننے والی لڑکیاں صرف اہل خانہ کے دباؤ میں ہی نقاب پہنتی ہیں۔’

البتہ زائرہ نے واضح کیا کہ فلم میں ان کا برقع پہننا کسی مذہبی علامت کے طور پر نہیں ہے بلکہ فلم کی ضرورت کے تحت ایک لباس ہے۔

زائرہ کا کہنا ہے کہ وہ ایسی بہت سی لڑکیوں کو جانتی ہیں جو اپنی خوشی سے حجاب یا نقاب پہنتی ہیں۔ زائرہ کا خیال ہے کہ کشمیر انڈیا کے دوسرے شہر سے مختلف نہیں ہے۔

وہ کہتی ہیں: ‘بس وہاں سینیما ہال میں فلمیں دیکھنے کا موقع نہیں ملتا۔ اگر آپ فلم دیکھنا چاہیں تو ڈی وی ڈی لے آئیں یا پھر جموں جائيں۔ 17 سالہ زائرہ اب تک عامر خان کے ساتھ دو فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

سکول سے اداکاری کی دنیا تک؟

زائرہ کا خیال ہے کہ وہ فلموں میں اداکاری کی جانب کبھی مائل نہیں تھیں۔

فلم 19 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے

سکول میں رحم مادر میں بچیوں کے قتل پر مبنی ڈرامے میں شرکت کے بعد وہ سکول کی پرنسپل کی نگاہوں میں آئيں اور پھر کشمیر کے سکولوں میں اداکاری کی صلاحیت رکھنے والے طالب علموں کی تلاش کرنے والی ٹیم کی پہلی پسند قرار پائيں۔

زائرہ کے والدین متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ بالی وڈ میں اداکاری کے بارے میں تذبذب کا شکار تھے، لیکن فلم میں عامر خان کی موجودگی سے انھوں نے ہامی بھری تھی۔

پہلی فلم ‘دنگل’ سے قومی ایوارڈ حاصل کرنے والی زائرہ بالی وڈ میں دو فلمیں کر چکی ہیں اور اب اپنی توجہ مکمل طور پر تعلیم پر مرکوز کرنا چاہتی ہیں اور ابھی انھوں نے یہ طے نہیں کیا کہ آیا وہ اداکاری جاری رکھیں گی یا نہیں۔

ادویت چندن کی ہدایت میں بننے والی فلم سیکرٹ سپرسٹار میں عامر خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم اکتوبر 19 کو ریلیز ہو گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp