تمہیں اس لیے چھوڑا کہ تمہاری سوچ غریب تھی


بالی وڈ کے اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنی سرگزشت واپس لے لی ہے جس میں انھوں نے متعدد خواتین کے ساتھ اپنے رشتے کی تفصیل بغیر ان کی اجازت کے شامل کی ہے۔

‘این آرڈینری لائف’ نامی ان کی سرگزشت 16 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی جس میں اداکار نے اپنی ساتھی اداکارہ نہاریکا سنگھ کے علاوہ کئی خواتین کے ساتھ اپنے تعلقات کو تفصیل سے بیان کیا تھا۔ نوازالدین صدیقی کی متنازع سرگزشت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ انھوں نے جن خواتین سے اپنے رشتے کی تفصیلات بیان کی ہیں وہ ان کی اجازت کے بغر شامل کی گئی ہیں

نہاریکا سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ ‘انھوں نے جو کچھ لکھا اس کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں اور میری مرضی لینے کا تو سوال ہی نہیں ہے۔’

نوازالدین صدیقی نے سوشل میڈیا پر معافی مانگی ہے۔ پیر کو دیر گئے اپنے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انھوں نے لکھا: ‘میں ہر اس شخص سے معافی مانگتا ہوں جن کے جذبات ہماری یاد داشت ‘این آرڈینری لائف’ کی بدنظمی سے مجروح ہوئے ہیں۔ اس کا مجھے افسوس ہے اور اس لیے میں نے اپنی کتاب واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔’

انھوں نے کتاب میں مذکور ایک دوسری خاتون کی شکایت کے بعد معافی مانگی جنھیں نوازالدین نے اپنی ‘پہلی گرل فرینڈ’ کہا ہے۔ خاتون نے فیس بک پر ‘غیر معمولی جھوٹ’ کا الزام لگایا تھا۔ 43 سالہ اداکار نے لکھا کہ اس خاتون نے ان سے اس لیے رشتہ توڑ لیا کہ اس وقت جب دونوں ساتھ تھے تو وہ فلموں میں ‘جدوجہد کر رہے تھے۔’

خاتون نے لکھا: ‘میں نے تمہیں اس لیے نہیں چھوڑا کہ تم غریب تھے بلکہ اس لیے چھوڑا کہ تمہاری سوچ غریب تھی۔’

نوازالدین صدیقی کا بالی وڈ کے گنے چنے باصلاحیت اداکاروں میں شمار ہوتا ہے۔ انھوں نے ‘گینگز آف واسع پور’ اور ‘لنچ باکس’ جیسی فلمیں دی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32300 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp