اصلی ولایتی لبرل اور لنڈے کے لبرل


اسلامسٹ حضرات کہتے ہیں کہ وہ اصلی ولایتی لبرل ازم کی عزت کرتے ہیں اور دو نمبر دیسی لبرل ازم کے شدید مخالف ہیں۔ ہم یہ گمان تو نہیں کر سکتے ہیں کہ اسلامسٹ حضرات مغرب سے متاثر ہیں اور دیسی چیزوں سے متنفر ہیں۔ ضرور کوئی معقول وجہ ہی ہو گی۔

ان کا اشارہ شاید اس رویے کی طرف ہے جس میں دساور سے درآمد شدہ کسی بھی شے یا نظریے میں ہم دیسی کچھ نہ کچھ ملاوٹ کر دیتے ہیں۔ ان اسلامسٹ حضرات کا گمان ہے کہ جس طرح ہماری چائنیز فوڈ کو دیکھ کر چینی پوچھتے ہیں کہ یہ کھانا کس ملک کا ہے، یا ہمارے دینی رویے کو دیکھ کر ادھر عرب والے پوچھتے ہیں کہ یہ تم نے کہاں سے سیکھا، ویسے ہی دیسی لبرل کو دیکھ کر ولایتی لبرل پوچھتے ہوں گے کہ کیا یہ کون سا ازم ہے؟

ہمیں اسلامسٹ بھائیوں سے ولایتی لبرل لوگوں کی تعریفیں سن سن کر بہت اشتیاق ہو گیا ہے کہ ہم بھی اصلی لبرل ازم کو سیکھیں تاکہ اسلامسٹ حضرات کی امنگوں کے عین مطابق ایک ایسا اچھا لبرل بن جائیں جن کے وہ گرویدہ ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے اسلامسٹوں کے دلائل سے قائل ہونے کے بعد ادھر دیسی لبرلوں پر ہمیں اعتبار نہیں رہا ہے۔ اب اسلامسٹوں سے ہی سیکھنا پڑے گا کہ اصلی لبرل ازم کیا ہوتا ہے۔

ہم نہایت ممنون ہوں گے اگر کوئی اسلامسٹ عالم بتا دے کہ اصلی لبرل ازم کیا ہے؟ اس کے خد و خال کیا ہیں؟ اس کے اصول و قوانین کیا ہیں؟ وہ کون سا اصلی ولایتی لبرل پسند کرتے ہیں اور اس لبرل کی کن کن چیزوں کو قابل پیروی جانتے ہیں؟

اب ہم نے جن ولایتی لبرلوں کو گوگل کیا ہے ان میں جان لاک، جان سٹوارٹ مل، کارل پوپر، برٹرانڈ رسل وغیرہ کے نام سامنے آئے ہیں۔ آپ ہی راہنمائی کر دیں کہ ان میں سے کس فلسفی کو آپ اصلی لبرل جانتے ہیں اور اس کے کیا نظریات ہیں جن کی دیسی لبرل کو پیروی کرنی چاہیے؟ یا پھر ان کے علاوہ ولایت کا کوئی آئیڈیل لبرل فلسفی ہے تو اس کے بارے میں بتا دیں۔

لنڈے کے دیسی لبرل آپ اسلامسٹ حضرات کی راہنمائی چاہتے ہیں تاکہ آپ سے وہ لبرل ازم سیکھ سکیں جسے آپ آئیڈیلائز کرتے ہیں تاکہ آپ دیسیوں کی بھی عزت کرنے لگیں۔

Facebook Comments HS

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1544 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar