سشما سوراج کا شعری ذوق اور احتسابی انصاف


پاکستان کے سیاسی، قانونی اور ادبی حلقوں میں آج کل کچھ سوالات گردش کر رہے ہیں

فراق جلال پوری کی شاعری کسے پسند ہے؟

آخری مرتبہ حضرت فراق جلال پوری کے کسی شعر کا حوالہ کہاں سنا یا پڑھا گیا تھا؟

اردو ادب کی تاریخ میں فراق جلال پوری کا کیا مقام ہے؟

کسی قانونی فیصلے میں شعر اپنی قانونی حیثیت سے شامل کیا جاتا ہے یا اسے رنگ بیان کا حصہ سمجھا جائے گا؟

ادب کے ناقدین کی طرف سے کسی شعر کے حسن و قبح پر رائے دینا توہین عدالت کے زمرے میں تو نہیں آتا؟

یونین کونسل موڑ کھنڈا ضلع ننکانہ صاحب سے ایک باذوق دوست نے اطلاع دی ہے کہ فراق جلال پوری کا ایک شعر پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریویو پیٹیشن کے تفصیلی فیصلے میں رقم کیا ہے۔ اس سے فراق جلال پوری مرحوم کے شعری مدارج بلند ہوئے ہیں۔ منصفین کے ادبی ذوق پر مہر لگی ہے۔ سخن فہمی عالم بالا معلوم شد۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اس شعر کی گونج چند برس قبل بھارت کی لوک سبھا میں اس وقت سنائی دی تھی جب موجودہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو مخاطب کر کے یہ شعر پڑھا تھا۔ ان دنوں سوشل میڈیا پی اس واقعے کی وڈیو وائرل ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ اس شعر کا کوئی معروف حوالہ جدید ادبی اور سیاسی تاریخ میں موجود نہیں۔ شعر بے حد معمولی ہے اور اسے دوسرے درجے کی خطابت میں جلسہ گرمانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

تاہم عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا احترام ہر شہری پر واجب ہے۔ شاعری چیزے دیگر است۔ شاعر لوگ ادھر ادھر کی ہانکتے ہیں۔ بہت برس پرانی بات ہے۔ دہلی میں پیروڈی شاعری کا مشاعرہ تھا ۔ جب گلزار زتشی کا نام صدارت کے لیے پیش کیا گیا تو وہ اسٹیج پر موجود منتظمین سے مخاطب ہو کر انکسار سے بولے :

حضور ! میں صدارت کا اہل کہاں ہوں ؟

کنور مہندر سنگھ بیدی قریب ہی تشریف رکھتے تھے۔ چمک کر بولے۔ حضرت کچھ مضائقہ نہیں۔ پیروڈی شاعری کا مشاعرہ ہے۔ آپ خود کو صدارت کی پیروڈی ہی سمجھیں۔