جدید دور کی گرل فرینڈز اور چند ٹوٹکے


اظہر خان

\"azhar

دورِ جدید میں اس وقت\” گرل فرینڈ\” کی مختلف قسمیں پائی جاتی ہیں،جیسے ادبی، رومانوی، چنچل، شوخ، پڑھی لکھی، خوش مزاج، مذہبی، اور خوب صورت گرل فرینڈ۔ اگر کسی گرل میں یہ ساری خصوصیات پائی جائیں اور وہ آپ کی \” فرینڈ\” ہے تو یوں سمجھیے آپ دنیا کے چند \” خوش قسمت \” انسانوں میں سے ایک ہیں، آپ کو فوراْ سے پیشتر مستقبل کی منصوبہ بندی کر لینی چاہیے۔

قدیم تاریخ کے اوراق کا اگر مطالعہ کیا جائے تو ابھی تک یہ بات عیاں نہیں ہو پائی کہ دنیا کی سب سے پہلی گرل فرینڈ کون تھی اور وہ کس کی گرل فرینڈ تھی، تاریخی کتب اس حقیقت کو بیان کرنے سے قاصر ہیں، لیکن قدیم تاریخ سے\”گرل فرینڈ\” کے حوالے سے کچھ دلچسپ حقائق ضرور عیاں ہوتے ہیں جیسے محبت کی مشہورداستانیں پڑھ کر یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ \” ہیر\” رانجھے کی \” لیلی\” مجنوں کی \” سسی \” پنوں کی، اور \” جولیٹ\” رومیو کی\” گرل فرینڈ\” تھی۔ ان سب کی داستانیں اس لیے بنیں کیونکہ ان سب کے پاس آج کے جدید دور کی سہولیات میسر نہیں تھی، ذرا سوچیے اگردور قدیم میں بھی \” فیس بک اور واٹس ایپ جیسی سہولیات میسر ہوتیں تو کبھی بھی \”ہیر رانجھا\” جیسی \”سچی محبت\” کی داستان وجود میں نہ آتی۔ پھرتو رانجھا، ہیر کی\” مجھیاں چرانے\”کی ویڈیوز اور تصویریں بنا کر \” یوٹیوب\” اور \” انسٹاگرام\” پر اپ لوڈ کرتا رہتا ، اور ہیر، رانجھے کو چُوری کھلاتے ہوئے اپنی \” سیلفیاں\” بنا بنا کر \”فیس بک اور واٹس ایپ \”پر شئیر کرتی اور ساتھ ہی اپنی سریلی آواز میں کوئی انگلش گانا بھی گنگناتی رہتی،دونوں کیدو کے پھیلائے ہوئے سازشی جال میں بھی نہ آتے،اور نہ ہی ان کو ایک دوسرے سے ملنے کے لیے زیادہ پاپڑ بیلنا پڑتے۔ کسی بات پرشدید ناراضگی کی صورت میں یا تو وہ ایک دوسرے کو فیس بک پر\” اَن فرینڈ\” کر دیتے یا زیادہ سے زیادہ\” فیلنگ ہیپی \” لکھتے ہوئے\” بریک اپ\” کاسٹیٹس اپ ڈیٹ\”کر دیتے۔ ۔ ۔ اسی طرح مجنوں کو لیلی کے پیار میں\”مجنوں\” بننے کی ضرورت نہ ہوتی۔ وہ لیلی سے بات کرنے اور اس کو دیکھنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرنے کی بجائے\” پیکج \” لگا کر جتنی دیر چاہتا اس سے بات کرتا۔ اور کبھی کبھی لیلی کو \” ایزی لوڈ\” بھی بھجوا دیا کرتا۔ جس سے وہ انٹرنیٹ کا \” پیکج \” لگا کر مجنوں سے \”imo\” پر بات بھی کر لیا کرتی۔

\” حالیہ دور میں کچھ لوگ گرل کو صرف \” فرینڈ\” اور کچھ لوگ صرف \”گرل فرینڈ\” بناتے ہیں، اول الذکر گرل کو فرینڈ بنانے کے لیے نت نئی \”کوشش \” کرتے نظر آتے ہیں۔ ہم نے اکثر مارکیٹ میں \” لڑکوں\” کو سرائیکی اور پنجابی سے اچانک\” انگلش\” میں بات کرتے، ہئیرسٹائل بناتے، بے ڈھنگی چال سے \”معزز \” طریقے سے چلتے دیکھا تو مشاہدات کی بنا پر یہ نتیجہ اخذ ہوا کہ اس کی وجہ سامنے سے آنے والی کوئی \” گرل\” ہی تھی۔ ایسے لوگ اکثر رات کو بھی آنکھوں پر \”گلاسز\” لگا کرپھرتے ہیں۔ تا کہ یہ دوسرں کو \”ڈیشنگ\” نظر آئیں،حقیقت اس کے \”برعکس\” ہوتی ہے کہیں مارکیٹ میں کسی لڑکی کی غلطی سے ان پر نظرپڑ جائے تو بس قیامت آجاتی ہے، دل میں شگوفے پھوٹنے لگتے ہیں، اور سب کو خوشی خوشی بتاتے ہیں، \” بھائی اس نے مجھے دیکھا، بس آج تو تیرے بھائی کی لاٹری نکل آئی\” اگلے دو دن بس اسی خوشی میں ہی گزر جاتے ہیں۔ اور انہیں کبھی بھی یہ پتہ نہیں چلتا کہ وہ ان\” کو نہیں بلکہ ان کے پیچھے آنے والی اپنی کسی دوست کو دیکھ رہی تھی۔ کچھ حضرات تو نہایت \” مستقل مزاجی \” اور نہایت لگن کے ساتھ پوری شاپنگ کے دوران کسی\” گرل\” کے ارد گرد \” باڈی گارڈ\” کے فرائض بھی خوشدلی اور نیک نیتی سے سر انجام دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی گرل کو فرینڈ بنانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ \” ثابت قدم\” رہیں، چاہے جتنی بھی مشکلات \”راستے\” میں کیوں نہ آئیں، اگر آپ عزم و استقامت اور ہمت و بہادری کے ساتھ ڈٹے رہے اور حوصلہ نہ ہارا تو \” کامیابی\” ضرور حاصل ہوگی، بقول شاعر

پیوستہ رہ شجر سے، امید بہار رکھ۔ ۔

\”ماہرین رومانیات \”کی ریسرچ کے مطابق جدید دور میں\” گرل فرینڈ\” بنانے کے لیے آپ کو کافی \” پڑھا لکھا\” بھی ہونا چاہیے، اس کے علاوہ آپ کو ملک بھر کے مشہور \” شاپنگ مالز\” گرلز کے مشہور ڈریس برینڈز\” اور شہر کے مشہور و معروف ریسٹورنٹس کا پتہ بھی ہونا چاہیے، اس کے ساتھ ساتھ آپ کو انگلش بولنے میں بھی مہارت حاصل کرنی چاہیے، آپ خود ہمیشہ اچھی سے اچھی ڈریسنگ کریں ، اور \” احتیاطی تدابیر\” کے طور پر گرلز سے پہلی بار ملنے کے لئے کبھی بھی \”لٹھے اور کھدر\” کاسوٹ پہن کر مت جائیں۔ ورنہ وہ آپ کی پہلی کے ساتھ ساتھ آخری ملاقات بھی ہو سکتی ہے۔ آپ دوستوں کے ساتھ جیسے چاہے بے ڈھنگے طریقے سے بات کریں لیکن\” گرلز\” کے ساتھ ہمیشہ انتہائی با اخلاق اور شیریں لہجے میں بات کرنے کی کوشش کریں، آپ کے چہرے پر دھیمی دھیمی مسکراہٹ ہونی چاہیے اور احتیاطً دانتوں کو کسی اچھے \”ٹوتھ پیسٹ\” سے اچھی طرح لازمی صاف کر کے جائیں۔ اگر آپ کسی ماہرِ نجومی کی طرح ہاتھ دیکھنے پر دسترس رکھتے ہیں تو یوں سمجھیے آپ آدھی بازی تو جیت گئے کیونکہ گرلز کو اپنے \”ہونے والے مستقبل\” کے بارے بہت فکر مندی ہوتی ہے۔ مزید برآں آپ شہر کے تمام بڑے شاپنگ مالز پر\”ونڈو شاپنگ\” کرنے اور تمام بڑے ریسٹورینٹس پر\”مینیو\” دیکھنے ضرور جایا کریں۔ اس سے آپ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا اور \” لوکیشن کا سٹیٹس اپ ڈیٹ\” کر نے سے آپ کو اپنا مقصد حاصل کرنے کے چانس بھی بڑھ سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
4 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments