میں اپنا مذہب کھو رہا ہوں، رنویر سنگھ


آج کل سوشل میڈیا تنازعوں کا گڑھ بن چکا ہے جہاں بالی وڈ کی بڑی شخصیات کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کبھی ان کے سیاسی یا سماجی نقطۂ نظر کے حوالے سے تو کبھی ان کے لباس پر اور کبھی ذاتی زندگی کے حوالے سے۔

اس وقت فلم ‘پدما وتی’ سوشل میڈیا کا نیا شکار ہے۔ اس فلم میں رانی پدما وتی اور دلی کے بادشاہ علاؤالدین خلجی کے کرداروں اور ان کی کہانی پر پہلے ہی خاصا ہنگامہ ہو چکا ہے۔

فلم کے سیٹ پر توڑ پھوڑ سے لے کر فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی پر تشدد تک کیا گیا۔ بیچارے بھنسالی کئی مرتبہ فلم اور کہانی کے بارے میں صفائی پیش کر چکے ہیں۔

لیکن لگتا ہے کہ اس سب سے فلم میں علاؤالدین خلجی کا کردار نبھانے والے رنویر سنگھ کا دل نہیں بھرا اور شاید اسی لیے تو انھوں نے ٹوئٹر پر یہ لکھ کر ‘میں اپنا مذہب کھو رہا ہوں’ مصیبت کو دعوت دے ڈالی۔

اب پورے ہندوستان کے ‘بھکت’ رنویر سنگھ کو دھرم کا پاٹھ پڑھانے اور شرمسار کرنے کے نیک کام میں لگ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ٹرولز کا مزہ لینے والے رنویر سنگھ کو شاید فلم ’پدما وتی‘ کے لیے اور پبلسٹی کی ضرورت تھی لیکن کہیں یہ پبلسٹی انھیں مہنگی نہ پڑ جائے۔

کیا عید پر سلمان اور ایشوریہ مد مقابل ہوں گے؟

لگتا ہے اگلی عید پر سلمان خان اور ایشوریہ رائے کا آمنا سامنا ہونے والا ہے۔ حقیقت میں تو دونوں ایک دوسرے کے سامنے آنے سے پہلے ہی اپنے راستے بدل لیتے ہیں لیکن اگلی عید پر باکس آفس پر دونوں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔

سلمان خان کی فلم ‘ریس تھری’ کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ ریس تھری ایک کامیاب فرینچائز کی تیسری قسط ہے اور فلم کی ریلیز اگلے سال عید پر ہوگی۔

ادھر ایشوریہ رائے کی فلم ‘فینی خان’ کی شوٹنگ بھی زوروں پر ہے اور اس فلم کی ریلیز کے لیے بھی عید کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سلمان کے ساتھ فلم میں جیکلین فرنانڈیز ہیں جبکہ ایشوریہ کے ساتھ راجکمار راؤ ہیں۔

ویسے تو پہلے بھی کئی فلمیں یا یوں کہیں کہ بڑی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہو چکی ہیں لیکن سلمان اور ایشوریہ کی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے کی خبر لوگوں کے لیے خاصی دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ بریک اپ کے بعد سے دونوں پردے پر تو ایک ساتھ نظر نہیں آئے تو باکس آفس پر ہی سہی۔ دیکھتے ہیں کس میں کتنا ہے دم؟

نوازالدین کے خلاف دو کروڑ ہرجانے کا مقدمہ

کہتے ہیں جب کوئی نامور انسان اپنی زندگی پر کتاب لکھتا ہے اس کی شہرت اور دولت میں اضافہ ہوتا ہے لیکن نواز الدین صدیقی تو اپنی کہانی لکھ کر ایسے پھنسے کہ لینے کے دینے پڑ گئے۔

ان کی ایک سابق گرل فرینڈ نہاریکا سنگھ نے تو انھیں صرف لتاڑا ہے لیکن ایک اور سابق گرل فرینڈ سنیتا رجوار جنھیں نواز الدین نے اپنی کتاب میں پہلا پیار کہہ کر پکارا تھا نے ان کے خلاف کیس ٹھونک ڈالا اور دو کروڑ روپے کے معاوضے کا مطالبہ بھی کیا۔

اگرچہ نوازالدین نے معافی مانگتے ہوئے اپنی کتاب ‘آرڈینری لائف’ یعنی ایک ‘عام سی زندگی’ کو واپس بھی لے لیا ہے لیکن جس طرح کمان سے نکلا ہوا تیر واپس نہیں آتا اسی طرح نواز بھائی کی عام سی زندگی اب ایک خاص کہانی بنتی جا رہی ہے۔ دیکھتے ہیں آگے آگے ہوتا ہے کیا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp