مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے ذمہ دار کون؟ (2)


حمود الرحمن کمیشن نے مندرجہ ذیل افسروں کے بارے میں کہا کہ یہ اپنی کمزور پیشہ ورانہ صلاحتیوں کے سبب مزید عسکری ذمہ داریوں کے قابل نہیں۔

میجر جنرل محمد حسین انصاری ( کمانڈر نو ڈویژن): پاکستان واپسی کے بعد لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیرمین رہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا انتخاب بھی لڑا۔ بعد ازاں جماعتِ اسلامی کے احتساب سیل کے نگراں رہے اور فروغِ تعلیم و صحت کی این جی او میں بھی فعال رہے۔ چودہ جنوری دو ہزار چار کو انتقال ہوا۔

میجر جنرل قاضی عبدالمجید ( کمانڈر چودہ ڈویژن): حمود الرحمان کمیشن کی جانب سے کارروائی کی سفارش کے علاوہ ان کا نام ایک سو پچانوے افسروں کی مطلوب حکومتِ بنگلہ دیش کی فہرست میں بھی شامل رہا۔ مگر وہ گوشہ نشین ہوگئے۔

میجر جنرل نذر حسین شاہ ( کمانڈر سولہ ڈویژن): ان کے دستے نٹور کے علاقے میں تعینات تھے۔ کھانے پینے کے بہت شوقین تھے۔ جب گرفتار ہوئے تو اس وقت بھی کچھ چٹ پٹا کھا رہے تھے۔

راؤ فرمان علی خان

میجر جنرل راؤ فرمان علی ( مشیر برائے گورنر مشرقی پاکستان): وہ دس برس سے زائد عرصے تک مشرقی پاکستان میں مختلف ذمہ داریاں نبھاتے رہے جس میں انٹیلی جینس اور سیاسی جوڑ توڑ کے امور بھی شامل تھے۔ ڈائری لکھنے کے شوقین تھے۔ان کی قبضہ شدہ ڈائری میں یہ جملہ بھی تھا ’مشرقی پاکستان کے سبزہ زار کو سرخ کرنا ہوگا‘۔

حسن ظہیر نے اپنی کتاب ’دی سیپریشن آف ایسٹ پاکستان‘ میں راؤ صاحب کو ڈھاکہ میں چوبیس مارچ کی رات کو شروع ہونے والے آپریشن سرچ لائٹ کا اہم ذمہ دار قرار دیا۔

جنرل نیازی نے اپنی کتاب میں الزام لگایا کہ ہتھیار ڈالنے سے دو روز پہلے راؤ فرمان علی نے قید میں موجود دو سو کے لگ بھگ بنگالی دانشوروں اور اساتذہ کو قتل کروا دیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ واردات فوج نے کی یا البدر اور الشمس رضاکاروں کے ذریعے ہوئی۔

انیس سو تہتر میں بھارتی قید سے واپسی پر راؤ فرمان علی کو ریٹائر کردیا گیا۔ تاہم ان کی پنشن، رینکس اور تمغے بحال رہے۔ جولائی ستتر میں ضیاء الحق نے اقتدار سنبھالنے کے بعد جو الیکشن سیل بنایا اس میں بھی فعال رہے۔ پھر ضیاء کابینہ میں دو برس پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر رہے۔ انہوں نے اپنی کتاب ’پاکستان کیسے تقسیم ہوا‘ میں اپنی صفائی پیش کرنے کی کوشش کی۔اکیس جنوری دو ہزار چار کو راؤ فرمان علی انتقال کر گئے۔

ان کے علاوہ کچھ اور بھی کردار ہیں جن کا کمیشن کی رپورٹ میں تذکرہ تو ہے لیکن کسی طرح کی کارروائی کی واضح سفارش نہیں کی گئی جیسے،

لیفٹننٹ جنرل ٹکا خان: لیفٹننٹ جنرل صاحبزادہ یعقوب علی خان کے استعفے کے بعد انہیں ایسٹرن کمان کے سربراہ کے طور پر ڈھاکہ بھیجا گیا۔ چوبیس اور پچیس مارچ کی درمیانی شب آپریشن سرچ لائٹ انہوں نے ہی شروع کیا۔ ان سے یہ فقرہ منسوب ہے کہ ’مجھے لوگ نہیں زمین چاہئیے‘۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں ان کی جگہ جنرل نیازی نے لے لی اور ٹکا خان کو ملتان کور سونپ دی گئی۔

تین مارچ انیس سو بہتر کو بھٹو حکومت نے ٹکا خان کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر انچیف کا عہدہ ختم کرکے پہلا چیف آف آرمی سٹاف مقرر کیا۔ جنرل ضیاء کے دور میں وہ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل بنے۔ کئی مرتبہ گرفتار بھی ہوئے۔ بینظیر بھٹو کے پہلے دورِ حکومت میں گورنر پنجاب رہے۔

اٹھائیس مارچ دو ہزار دو کو ٹکا خان کا انتقال ہوا۔ ان کے جنازے میں اعلیٰ سویلین و فوجی قیادت شریک ہوئی اور فوجی اعزاز کے ساتھ دفنایا گیا۔ بے نظیر بھٹو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ’وہ ملک کے اعلیٰ عہدوں پر سخت محنت اور قانون کی حکمرانی کے سبب پہنچے‘۔

بریگیڈیر جہانزیب ارباب ( کمانڈر ستاون بریگیڈ): حمود الرحمان کمیشن کے روبرو گواہوں نے ان پر اور پانچ دیگر فوجی افسروں اور ان کے زیرِ کمان یونٹوں پر لوٹ مار، قتل وغارت میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے۔ بقول جنرل نیازی بدعنوانیوں کی پاداش میں بریگیڈیر ارباب اور ان کے ساتھی جونیئر افسروں کے کورٹ مارشل کی سفارش کی گئی اور انہیں مغربی پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔

جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے بعد جنرل ارباب بحثیت کمانڈر فائیو کور سندھ کے مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر اور گورنر رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر بھی رہے۔

وائس ایڈمرل مظفر حسن: انیس سو انہتر سے دو مارچ بہتر تک بحریہ کے سربراہ رہے۔ انہیں، فوج کے سربراہ گل حسن اور فضائیہ کے سربراہ ائرمارشل رحیم خان کے ساتھ فوج کی جیگ برانچ کی سفارش پر مراعات ضبط کر کے عہدے سے برطرف کردیا گیا۔ دورانِ جنگ انہیں فضائیہ سے مدد نہ ملنے کی مسلسل شکایت رہی۔ اس بارے میں فضائیہ کے سربراہ ائرمارشل رحیم خان کا یہ فقرہ بہت مشہور ہوا جو انہوں نے مظفر حسن سے کہا: ’اولڈ بوائے۔۔۔جنگوں میں ایسا ہوتا ہے۔ مجھے افسوس ہے تمہارے جہاز ڈوب گئے۔۔‘

ایرمارشل عبدالرحیم خان: دورانِ جنگ پاک فضائیہ کے سربراہ رہے۔ بھٹو کو اقتدار کی منتقلی میں گل حسن کے ساتھ اہم کردار ادا کیا۔ مگر تین مارچ 1972 کو جیگ برانچ کی سفارش پر برطرف ہوئے اور مراعات ضبط ہوگئیں۔ بھٹو نے تالیفِ قلب کے لیے سپین میں سفیر بنا دیا لیکن تیرہ اپریل ستتر کو انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاجاً سفارت سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد امریکہ میں بس گئے اور وہیں اٹھائیس فروری انیس سو نوے کو انتقال ہوا۔

کچھ افسروں کے پاس اہم ذمہ داریاں تھیں لیکن ان کا کردار زیرِ بحث نہ آسکا جیسے،

میجر جنرل اکبر خان: انیس سو چھیاسٹھ سے اکہتر تک ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی رہے۔ انہوں نے یحییٰ خان کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جنرل غلام عمر کے ساتھ مل کر ستّر کے انتخابات میں حسبِ منشا نتائج حاصل کرنے کے لیے خاصی تگ و دو کی۔ آئی ایس آئی کی ویب سائٹ پر ان کا رینک بریگیڈیر لکھا گیا ہے۔ غالباً انہیں ایک رینک نیچے کردیا گیا تھا۔

مگر کچھ ایسے جرنیل بھی تھے جنہوں نے آنکھ بند کرکے ڈرامے کے کردار نبھانے سے انکار کردیا جیسے،

صاحبزادہ یعقوب علی خان: جب مشرقی پاکستان میں ایجی ٹیشن زوروں پر تھا تو یہ ایسٹرن کمانڈ کے سربراہ اورمارشل لاء ایڈمنسٹریٹر زون بی تھے۔ انہوں نے سات مارچ اکہتر کو فوجی قیادت کی مشرقی پاکستان کے تناظر میں سیاسی و عسکری حکمتِ عملی سے اختلاف کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔

ایڈمرل ( ریٹائرڈ ) ایس ایم احسن: ان کا شمار پاکستانی بحریہ کے معماروں میں ہوتا ہے۔ سات مارچ انیس سو اکہتر کو یحییٰ حکومت کی مشرقی پاکستان سے متعلق پالیسوں پر اختلاف کرتے ہوئے وہاں کی گورنری سے استعفیٰ دے دیا۔ پنڈی کی فوجی قیادت کے سامنے وہ تنِ تنہا مشرقی پاکستان کا سیاسی مقدمہ لڑتے رہے جس پر انہیں’ایک مشکل آدمی‘ اور ’بنگالیوں کے ہاتھوں بکنے والا‘ جیسے طعنے بھی سننے پڑے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے سربراہ بھی رہے۔ انہوں نے پورٹ قاسم کی بنیاد رکھی۔ آخری زندگی گوشہ نشینی میں گذاری اور چار دسمبر انیس سو نواسی کو انتقال ہوا۔ اعلیٰ سول و فوجی قیادت کی موجودگی میں اعزاز کے ساتھ کراچی کے فوجی قبرستان میں تدفین ہوئی۔

اور ہزاروں ایسے فوجی جوان اور افسر بھی تھے جنہیں محلاتی سازشوں اور پیچ و خم کی کوئی خبر نہیں تھی جن کا نام دوستوں اور دشمنوں نے عزت سے یاد رکھا۔ جیسے فلائٹ لیفٹننٹ راشد منہاس، میجر محمد اکرم، میجر شبیر شریف، سوار محمد حسین، لانس نائک محفوظ وغیرہ۔

کچھ بیورو کریٹس نے یحییٰ حکومت کے ہر اقدام کی رطب السانی میں زمین آسمان ایک کررکھے تھے۔اس وقت زیادہ اصحاب کے تذکرے کی گنجائش نہیں۔ بطور نمونہ ایک نام کافی ہے جیسے،

روئیداد خان: ان کا شمار پاکستان کے سدا بہار بیورو کریٹس میں تھا۔ انہوں نے پانچ صدور کے ساتھ کام کیا۔ یحییٰ حکومت کے دوران انہوں نے بطور سیکرٹری اطلاعات اس بات کو یقینی بنایا کہ مشرقی پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس کی بھنک مغربی پاکستان والوں کو نہ پڑ جائے۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے مینجنگ ڈائریکٹر اسلم اظہر کو ایک دستاویزی فلم ’دی گریٹ بٹریل‘ بنانے کا کام سونپا جس کی شوٹنگ مشرقی پاکستان کے مختلف علاقوں میں کی گئی۔ اس فلم کا مقصد مکتی باہنی کے مظالم اجاگر کرنا تھا۔ چونکہ یہ فلم آپریشن شروع ہونے کے چار ماہ بعد جولائی میں شوٹ ہوئی لہٰذا اس میں جو لاشیں اور کھوپڑیاں دکھائی گئیں ان کے بارے میں یہ طے نہ ہوسکا کہ انہیں کس نے مارا ہے۔ لہٰذا اس فلم کی سکریننگ کا منصوبہ ترک کر کے اسے محمکہ اطلاعات کے ڈبوں میں بند کردیا گیا۔

روئیداد خان مشرقی پاکستان کے فوجی آپریشن کے مارچ میں آغاز سے جون انیس سو بہتر تک سیکرٹری اطلاعات رہے۔ اور پھر بھٹو حکومت نے انہیں کسی اور محکمے کی ذمہ داری سونپ دی۔ جنرل ضیاء الحق کے طویل عرصے سکریٹری داخلہ رہے۔ جب بینظیر بھٹو کی پہلی حکومت برطرف ہوئی تو عبوری حکومت میں احتسابی سیل کے نگراں رہے۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد ’پاکستان، اے ڈریم گون ساور‘ لکھی۔ برٹش اور امریکن پیپرز کو بھی کتابی شکل دی۔ ان دنوں جمہوریت نواز، شہری حقوق کے وکیل اور تحریک انصاف کے حامی ہیں۔

جہاں تک سیاسی جماعتوں کا معاملہ ہے تو سوائے اصغر خان، ولی خان، جی ایم سید اور ملک غلام جیلانی مغربی پاکستان میں کم وبیش سب نے مشرقی پاکستان کے بارے میں سرکاری کہانی کو بلا سوال و جواب ہضم کرلیا۔ چھبیس مارچ کو ڈھاکہ سے کراچی پہنچنے پر ذوالفقار علی بھٹو نے کہا ’ خدا کا شکر ہے پاکستان بچ گیا‘۔ مئی انیس سو اکہتر میں امیرِ جماعتِ اسلامی مولانا مودودی نے کہا ’ہماری بہادر افواج نے پاکستان بچا لیا‘۔

اگست اکہتر میں یحییٰ حکومت نے مشرقی پاکستان میں قومی اسمبلی کی اٹہتر اور صوبائی اسمبلی کی ایک سو ترانوے نشستوں کو خالی قرار دے کر ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔ لیکن امن و امان کی صورتِ حال کے سبب یہ ممکن نہ ہوسکا۔ چنانچہ ان نشستوں کو ایسٹرن کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر میں بندر بانٹ کرکے جماعتِ اسلامی، مسلم لیگ کے دھڑوں اور پیپلز پارٹی میں تقسیم کردیا گیا۔ لیکن بعد میں یہ عمل قالین کے نیچے خاموشی سے دبا دیا گیا۔

حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کو دبانے اور سیاسی جماعتوں کی خاموش و اعلانیہ تائید سے آئندہ کے لیے یہ بات طے ہوگئی کہ احتساب اور پاکستان دو مختلف اصطلاحیں رہیں گی۔ ستتر میں حکومت کا تختہ الٹا جانا، بھٹو کی پھانسی، بعد میں آنے والی حکومتوں کی اکھاڑ پچھاڑ، بناسپتی اتحادوں کی تشکیل، کارگل اور مشرف کا برسر اقتدار آنا اور ہر حکومت پر غیر یقینی کے باوردی سائے اس سب کے ڈانڈے اکہتر کے سال میں ہونے والے واقعات سے آنکھیں موندنے سے جا ملتے ہیں۔ چاہے کوئی پسند کرے یا نا کرے۔