مصری گلوکارہ ’فحاشی پھیلانے‘ پر زیرِحراست


اطلاعات کے مطابق ایک مصری گلوکارہ اس جرم کی پاداش میں ایک ہفتے سے زیرِ حراست ہیں کہ وہ ایک میوزک ویڈیو میں زیر جامہ پہن کر آئیں اور اس دوران انھوں نے ایک کیلا معنی خیز انداز میں کھایا۔

25 سالہ شائمہ احمد کو ہفتے کے روز مصری پولیس نے ‘فحاشی کو ہوا دینے’ کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔

اس ویڈیو میں انھوں نے نغمہ ‘میرے مسائل ہیں’ گایا تھا جس سے مصر کے قدامت پرست شہریوں نے برہمی کا اظہار کیا۔

انھوں نے ان لوگوں سے معذرت کی ہے جنھوں نے اس ویڈیو کو ‘غیر مناسب طریقے’ سے لیا۔

انھوں نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا: ‘میں تصور بھی نہیں کر سکتی تھی کہ یہ کچھ ہو گا، اور مجھے ہر کسی کی طرف سے اس قدر سخت حملے کا نشانہ بنایا جائے گا۔’ بعد میں انھوں نے یہ پیج حذف کر دیا۔

اس ویڈیو میں شائمہ ایک کمرۂ جماعت میں کئی نوجوان لڑکوں کے ساتھ نظر آتی ہیں۔

وہ تختۂ سیاہ کے سامنے کھڑی ہیں جس پر Class #69 لکھا ہوا ہے، اس کے بعد وہ جنسی طور پر معنی خیز انداز میں کیلا کھاتی ہیں۔

اس منظر کے دوران ان کی تصاویر دکھائی جاتی ہیں جن میں انھوں نے شب خوابی کا لباس پہن رکھا ہے۔

یوم الصبا اخبار نے اس ویڈیو نشر ہونے کے اگلے دن لکھا: ‘شائمہ نوجوانوں کو اوباشی کا سبق دے رہی ہیں۔’

یوم الصبا نے لکھا ہے کہ ان کی گرفتاری کے بعد پیر کو استغاثہ نے حکم دیا کہ شائمہ کی حراست میں ایک ہفتے کی توسیع کی جائے۔

اس کے علاوہ ویڈیو کے ہدایت کار کی گرفتاری کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔

پچھلے سال مصری عدالتوں نے چھ رقاصاؤں کو میوزک ویڈیوز میں فحاشی کے الزام میں چھ چھ ماہ قید کی سزا دی تھی۔

اس کے علاوہ ایک اور گلوکار پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے جنھوں نے کہا تھا کہ دریائے نیل کا پانی انھیں بیمار کر دیتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp