فیفا رینکنگ میں فلسطینی ٹیم اسرائیل سے 16 درجے اوپر


فٹ بال

فیفا کی ورلڈ رینکنگ میں فلسطین کی فٹ بال ٹیم اپنی بلند ترین رینکنگ پر جمعرات کو پہنچی اور اسرائیل کی فٹ بال ٹیم کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربارہ نے اس کو تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔

فلسطینی ٹیم فیفا کی عالمی رینکنگ میں 84 ویں سے 82 ویں پوزیشن پر آ گئی ہے جبکہ اسرائیلی ٹیم 82 ویں پوزیشن سے 98 ویں پوزیشن پر چلی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی ٹیم روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔

فلسطینی ٹیم نے حال ہی میں کئی میچ جیتے ہیں بشمول ایک میچ بھوٹان کے جس میں اس نے بھوٹان کو 10 صفر سے شکست دی۔

فیفا کی عالمی رینکنگ ایسے وقت میں آئی ہے جب فلسطینی فٹ بال ایسوی ایشن نے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع یہودی بستیوں میں چھ فٹ بال کلبوں کے خلاف ایکشن کے لیے فیفا سے کہا ہے۔

فٹ بال

ایک فلسطینی بچہ غزہ میں فٹ بال کھیل رہا ہے جس کے صرف ایک پیر میں جوتا ہے

بین الاقوامی قوانین کے تحت یہودی بستیاں غیر قانونی ہیں اور فلسطینی فٹ بال ایسوی ایشن نے فیفا سے اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی کے لیے کہا ہے۔

گذشتہ ماہ فیفا نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔ فلسطینی فٹ بال ایسوی ایشن نے فیفا پر اسرائیلی دباؤ کا الزام عائد کیا تھا۔

اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن نے جمعرات کو کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیر کھیل نے فٹ بال ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ‘ہم فلسطینی فٹ بال ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں۔ ہم ان کے ساتھ کسی بھی وقت دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔’

فلسطینی فٹ بال ٹیم کو فیفا نے 1998 میں تسلیم کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp