شیطانوں کو جہنم میں جانے دو


جب خدائے بزرگ و برتر نے انسان کی تخلیق کی اور فرشتوں کو حکم دیا کہ انسان کو سجدہ کریں تو شیطان ملعون نے انکار کر دیا۔ خداوند خدا نے اسے جہنم میں ڈالنے کا فیصلہ کیا تو شیطان نے عرض کی کہ اسے قیامت تک کی مہلت دی جائے کہ وہ انسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرے اور انہیں بھی اپنے ساتھ جہنم کا ایندھن بنائے۔ خدا نے شیطان ملعون کو مہلت دے دی اور کہا کہ انسان کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی عقل سے فیصلہ کر کے نیکی کی راہ پر چلے اور جنتی ہو یا شیطان کا پیروکار بنے اور جہنم میں جل اٹھے۔

اس کے بعد خیر و شر کی وہ جنگ شروع ہوئی جو ہم اپنے گرد برپا دیکھتے ہیں۔ شیطان اور اس کی ذریت انسانوں کو بہکانے میں مصروف رہے۔ خدا انسانوں کو راہ راست پر لانے کے لئے پیغمبر اور اولیا بھیجتا رہا تاکہ وہ ہدایت پائیں۔ لیکن ساتھ قرآن میں یہ بھی فرما دیا کہ ”اور اگر اللہ کو منظور نہ ہوتا تو یہ لوگ شرک نہ کرتے اور ہم نے آپ کو ان کا نگران نہیں بنایا اور نہ آپ ان پر مختار ہیں“۔

اب بہتر یہی ہے کہ انسانوں کو بس ایک مرتبہ اللہ کا پیغام پہنچا دیا جائے۔ اگر ان کے دلوں پر تالے نہیں لگے ہوئے اور خدا نے ان کے مقدر میں جہنم کی آگ نہیں لکھی ہوئی تو وہ اس ایک بار کے کہے پر ہی ہدایت پا جائیں گے۔ کسی دوسرے انسان کو ڈنڈے کے زور پر اپنی جنت میں دھکیلنے کی کیا ضرورت ہے۔

خدائی پلان تو فری ول کا ہے۔ شیطان کو یہی اجازت تو دی گئی ہے کہ میاں تم جتنے لوگوں کا دماغ خراب کر کے ان کو بہکانا چاہتے ہو بہکا لو، وہ سارے جہنم میں تمہارے ساتھ ہوں گے۔ جو انسان اپنی مرضی سے خدا کے راستے پر چلیں گے وہی جنتی ہیں۔ فری ول کی بجائے زور زبردستی کے ذریعے انسانوں کو جنت میں بھیجنا مقصود ہوتا تو خدائے بزرگ و برتر تو قادر مطلق ہے۔ اس نے بس ایک لفظ کہنا تھا اور تمام مخلوق بشمول انسان و شیطان سیدھے ہو جاتے۔ لیکن پھر امتحان کیسے ہوتا؟

اب ڈنڈے کے زور پر کسی انسان کو منافق تو بنایا جا سکتا ہے، اسے دل سے مسلمان کرنا ناممکن ہے۔ اللہ جسے چاہے صرف اسے ہی ہدایت دیتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ فاسقین کو ان کے حال پر چھوڑ کر بندہ اپنی جنت پکی کرے اور خدا سے ان فاسقین کی ہدایت کی دعا کرتا رہے۔

 

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar