ملکوالی گلیوں کے لطائف اور ریاست کی سیاست


میری پیدائش اور بلوغت تک کی بڑھوتری ملکوال، حالیہ ضلع منڈی بہاؤالدین، سابقہ ضلع گجرات، کی ہے۔ کبھی خدا نے سکت، اور کچھ پیسے دیے تو ملکوال کی تاریخ پر کچھ تحریر کروں یا کرواؤں گا۔ میرا خیال ہے کہ یہ قصبہ بہت قدیم ہے اور اگر اس کی بنیادیں (تعمیری انداز میں) کھودی جائیں تو بہت کچھ برآمد ہو سکتا ہے۔ اس کی قدامت کی بنیادی گواہی یہ ہے کہ یہ دریائے جہلم کے کنارے پر آباد ہے اور ابتدائی انسان پانی کے رستوں کے آس پاس ہی بستیاں آباد کرتے تھے۔ پھر کوہستان نمک اک دن سے بھی کم کی پیدل مسافت پر ہے جہاں ہزاروں سال قدیم تہاذیب کے آثار موجود ہیں۔ کیا کیجیے مگر، بقول میرے جگری دوست، جمشید اقبال کے، ”پاکستانی بھولوں“ کا جو پاکستان کی موجودہ دھرتی کی تاریخ کو محمد بن قاسم اور اس عظیم خاتون کی چیخ و پکار سے ہی شروع کرتے ہیں جس کا اتا پتا تاریخ کی کسی کتاب میں نہیں ملتا کہ وہ کون تھی اور کس طریقے سے اس نے حجاج کے دربار میں پیغام پہنچایا۔

خیر بات ہو رہی تھی گلیوں میں کھیلنے کے فوائد کی، تو میرے نزدیک سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ انسان اپنی تربیت کی بنیاد یہیں سے سیکھتا ہے۔ انسانوں کی موجودہ نسل، ہومو سیپیئنز کا کمال ہی یہ تھا کہ انہوں نے گروہ بندی سیکھی جنہوں نے ارتقائی نظریہ کے مطابق زمین پر موجود انسانوں کی دوسری دو نسلوں پر غلبہ حاصل کیا۔ دوسرا بڑا فائدہ ان لطائف کی صورت میں ملتا ہے جو میری طرح کے نچلے درمیانے طبقات کے بچے، بالخصوص لڑکے، اپنے گھروں کے بند ماحول میں سن تو کیا، سوچ بھی نہیں سکتے۔ دو تین لطائف آپ کی خدمت میں پیش ہیں:

1۔ محترم غازی شہید جنرل محمد ضیاءالحق فاتح عالم کے دور میں ان کے بہت لطائف بننا شروع ہو گئے۔ ان تک بھی پہنچ جاتے تھے تو انہیں بہت غصہ آتا تھا۔ آخر کو غازی شہید نے اپنی انٹیلیجنس کو حکم دیا کہ ان لطائف کا سورس تلاش کیا جائے۔ انٹیلیجنس نے حاکم اعلیٰ ترین کے حکم پر پورے ملک کی خاک چھانی تو ملکوال کے قریبی گاؤں، چک نمبر 9 شمالی میں اس کا سورس، اک میراثی دریافت ہوا۔ اس میراثی کو پکڑ کر امیرالمؤمنین کی محفل میں پیش کیا تو فاتح عالم نے غصہ میں پوچھا: اوئے تم میرےبارے میں لطیفے بناتے ہو؟ میراثی نے کانپتے ہوئے جواب دیا، جی جناب۔ یہ بکری کی مینگنوں والا تم نے بنایا؟ جی سرکار۔ یہ مرغی چوری کرنے والا بھی تمھارا ہے؟ غلطی ہوگئی عالم پناہ۔ یہ نائی کے اُسترے والا بھی تم نے تخلیق کیا؟ جی حضور۔ تلملا کر جنابِ فاتح افغانستان بولے: ابے او خبیث میراثی، تو نہیں جانتا کہ میں ایک ارب مسلمانوں کا نمائندہ، خدا کا متعین کردہ امیرالمؤمنین اور پاکستان کا سب سے بہترین حکمران ہوں۔ خوف سے لرزتا میراثی بولا: رب دی سوں چا لے لوو، صدر ساب، با ایہہ آلا لطیفہ میں کوئی نئیں نے بنایا! (پنجابی نہ سمجھنے والے یار، اپنے کسی پنجابی دوست سے اس کی تشریح کروا لیں۔ )

2۔ فاتح بنگال، جناب جنرل ٹکا خان صاحب اک بار کنویں میں گر گئے۔ خود کو باہرنکلوانے کے لیے آوازیں دینے لگے تو پاس سے گزرتے اک میجر صاحب نے ان کی آواز سنی تو رسی پھینک کر ان کو باہر نکالنے کا قصد کیا۔ جنرل صاحب جیسے ہی کنویں کے منہ کے قریب پہنچے تو رینکس دیکھتے ہوئے میجر صاحب نے سلیوٹ کیا۔ جنرل صاحب واپس کنویں میں جا گرے۔ اس کے بعد اک کپتان صاحب کا گزر ہوا تو جنرل صاحب کے ساتھ وہی ہو جو میجر صاحب نے کیا تھا۔ جنرل صاحب واپس کنویں میں تشریف لے گئے۔ آخر میں اک لفٹیننٹ صاحب کا گزر ہوا تو جنرل صاحب نے رسی پکڑ کر باہر نکلنے سے انکار کرتے ہوئے کہا: سن، جا کر کسی بلڈی سویلین کو لاؤ۔ کنویں میں سے وہی نکالے گا مجھے۔ ناؤ، گو!

3۔ اک بہت مشہور و معروف پیر صاحب کہ جن کی کرامات کا چرچا پوری دنیا میں تھا، ”غلطی“ سے رقص دیکھنے لاہور کے بازارِ حسن جا پہنچے۔ ساری رات رقص دیکھتے رہے، گانے سنتے رہے۔ صبح جانے لگے تو تھکی ہوئی رقاصہ، پژمردہ سازندوں کی نمائندگی کرتے ہوئے، ان کی نائیکہ نے بصد ادب کہا: اعلیٰ حضرت، جناب سے بہت جھجھک کر درخواست کرتی ہوں کہ پیسے؟ پیر صاحب اک شانِ بےنیازی سے بولے: اری پاگل، تیرے پیسے حرام ہیں، کیا اب میں تجھ سے حرام پیسے لے لوں؟

ویسے ہی کہ آجکل چونکہ بادشاہ کی چھتری تلے ٹیکنو کریٹس کی حکومت اور اپنے تصوفی و پیروانہ یاروں کا دور۔ دورہ ہے تو ملکوال، اس کی گلیاں اور سنے ہوئے ڈیڑھ دو لطیفے یاد آ گئے۔ امید یہ ہے کہ اپنی جوانی کے آخر سے گزرتے ہوئے میں بحیثیت پاکستانی شہری وہ دور دیکھ پاؤں گا کہ جس میں ایسے لطیفے تخلیق نہ ہوا کریں گے۔ مگر کیا کروں کہ سانپ سیڑھی کا یہ کھیل ہے جو ننانوے کے قریب پہنچ کر، پھر سے نو پر لے آتا ہے۔ نہ سانپ سمجھتے ہیں، نہ سپیرے کہ سیڑھی والوں کو سماجی، سیاسی و معاشی ارتقاء کی سیڑھیاں چڑنے دو، خدارا۔
رہے نام اللہ کا!