ملک نعیم خان: سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا

ایسے میں ملک نعیم کا خوشاب کی سیاست میں جگہ بنانا ایک حیرت انگیز امر تھا۔ عوام نے محبت نچھاور کی اور یوں وہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ جلد ہی ان کا شمار میاں نواز شریف کے پانچ پیاروں میں ہونے لگا۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کو گرانے کے لئے اس وقت کی ایجنسیوں نے آپریشن مڈ نائٹ جیکال ترتیب دیا میجر عامر اس کے روح رواں تھے ملک نعیم کے ذمہ اراکین اسمبلی کی جوڑ توڑ تھی آپریشن ناکام ہوا اور اس میں ملوث کرداروں کو خفت کا سامنا کرنا پڑا۔
میاں نواز شریف کی حکومت آنے کے بعد ملک نعیم کابینہ میں وزیر تجارت مقرر ہوئے۔ ملک نعیم نے خوشاب کے عوام سے مسلسل رابطہ رکھا۔ اور بے پناہ ترقیاتی کام کروائے۔ ملک نعیم کے بھانجے ملک عمر اسلم قائد اعظم یونیورسٹی میں ہم عصر تھے ان سے اسی زمانے میں نیاز مندی کا رشتہ استوار ہوا۔ بعدازاں جب میں جرمنی تعلیم کی غرض سے گیا تو ملک نعیم کے جوہر آباد سے تعلق رکھنے والے سیاسی رفیق حکیم عتیق الرحمان کی صحبت میسر آئی حکیم عتیق الرحمن نے ملک نعیم کی انسان دوستی اور غریب پروری کے لاتعداد واقعات سنائے۔
ملک نعیم غیر شادی شدہ تھے دوران وزارت انہیں کمر کی تکلیف شروع ہوئی کمر کے مہروں کا علاج اور آپریشن کے باوجود انہیں افاقہ نہ ہوا میونخ جرمنی سے بھی علاج کرایا لیکن ان کی صحت بگڑتی چلی گئی دراز قد وجیہہ نوجوان ہڈیوں کا ڈھانچہ بن گیا وزن دن بدن کم ہوتا چلا گیا اور یوں وہ صاحب فراش ہوگئے لاھور اپنی ہمشیرہ کے گھر منتقل ہوگئے قریبی دوستوں سیاستدانوں پارٹی راہنماؤں نے انہیں فراموش کردیا۔ 1997 کے انتخابات میں ملک نعیم نے بستر علالت سے اپنے بھانجے عمر اسلم کو نامزد کیا عوام نے اسے بھاری اکثریت سے رکن اسمبلی منتخب کیا۔
بعد کے انتخابات میں ملک نعیم خان کے رشتے دار آپس میں دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئے ملک طاہر سرفراز اعلی سرکاری افسر اور ملک نعیم کے بھانجے ہیں ان کی اہلیہ سمیرا اعوان نواب آف کالاباغ کے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ یہ لوگ قاف لیگ میں شامل ہونے جنرل مشرف کے اتحادی بنے۔ اور ملک عمر اسلم ن لیگ سے منسلک رھے میاں نواز شریف کے پاکستان واپس آنے پر قاف لیگ کے بہت سے لوگ ن لیگ کے ہمرکاب بنے سمیرا ملک بھی انہیں میں سے تھیں۔ ان کے ن لیگ میں شامل ہونے اور ٹکٹ ملنے پر ملک عمر اسلم تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔
سمیرا ملک پر جعلی ڈگری کا کیس چلا اور وہ نا اہل قرار پائیں ان کے بیٹے ملک عزیر ان کی جگہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔
ملک نعیم کو اس کیقیادت نے جیتے جی فراموش کردیا شریف خاندان اور دیگر راہنما کبھی عیادت کو نہ گئے اکثریت رشتہ دار اپنی سیاسی دھڑہ بندیوں میں کھو گئے اور ایک دن ملک نعیم دنیا سے آنکھیں موڑ گیا۔ واقعی سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا۔

