پاکستانی سارا سال انٹرنیٹ پہ کیا ڈھونڈتے رہے؟


کراچی: سال 2017 اپنی ہنگامہ خیزیوں کے ساتھ اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اس سال پاکستانیوں نے انٹرنیٹ کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل پر انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں کارکردگی دکھانے والی متعدد شخصیات کو سرچ کیا۔ گوگل نے ان تمام شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جنہیں پاکستانی 2017 میں سب سے زیادہ سرچ کرتے رہے۔

فبیہا شیرازی:

نجی چینل سے شہرت حاصل کرنے والی فبیہا شیرازی کو پاکستانی  رواں سال سب سے زیادہ سرچ کرتے رہے۔ رواں سال فبیہا شیرازی کی مختصر ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جنہیں لوگوں کی بڑی تعداد نے دیکھا۔

ندیم سرور:

نوحہ خواں ندیم سرور کو رواں سال پاکستانیوں نے فبیہا شیرازی کے بعد سب سے زیادہ سرچ کیا۔

فخر زمان:

نیوی میں فرائض انجام دینے والے فخر زمان نے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد بہترین کرکٹ کھیل کر کروڑوں لوگوں کے دل جیت لیے۔ گوگل پر پاکستانی عوام فخرزمان کے بارے میں بھی معلومات تلاش کرتی رہی۔

رشی کپور:

پاکستانیوں نے بھارتی اداکار رشی کپور کو چوتھے نمبرپر سب سے زیادہ سرچ کیا اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں کیونکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر رشی کپور کی ٹوئٹ نے پاکستانیوں کو غصے میں مبتلا کردیا تھا تاہم جب پاکستان نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں ہرادیا تو رشی کپور نے پاکستان کو اس جیت کی مبارکباد دی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانیوں نے انہیں بھی سب سے زیادہ سرچ کیا۔

ردااصفہانی:

ڈراموں میں اداکاری کرنے والی اداکارہ ردا اصفہانی کوان کی لیک ہوجانے والی ویڈیوز کی وجہ سے لوگ رواں سال گوگل پر تلاش کرتے رہے۔

فریال مخدوم:

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ شوہر سے جھگڑوں اورعلیحدگی کے باعث انٹرنیٹ پر چھائی رہیں۔ فریال کی جانب سے عامر خان کو دی جانے والی دھمکی اور پھر معافی کی خبروں نے پاکستانیوں کو ان کے بارے میں معلومات اکھٹی کرنے کے لیے مصروف رکھا۔

جاوید آفریدی:

معروف الیکٹرانک کمپنی کے سی ای او اور پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی اس لسٹ میں ساتویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں ان کی ٹیم پشاور زلمی کی کامیابی کے بعد وہ پاکستانیوں کا انٹرنیٹ پر ہاٹ موضوع رہے۔

احدرضامیر:

پاکستان شوبزانڈسٹری کے ماضی کے نامور اداکار آصف رضامیر کے صاحبزادے احد رضامیر کو صرف ایک ڈرامے’یقین کا سفر‘نے راتوں رات پاکستان کی مقبول ترین شخصیات کی فہرست میں لاکھڑا کیا۔ احد رضامیرکا ڈرامے میں ڈاکٹر عثمان علی خان کا کردار اتنا زیادہ مشہور ہوا جتنا ڈرامے ’ہم سفر‘میں فواد خان کا کردار ہواتھا۔ پاکستانی خاص طور پر خواتین احد رضامیر کی شخصیت، خوبصورتی اور اداکاری کی دیوانی ہوگئیں۔ رواں سال انہیں بھی گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

ہانیہ عامر:

فلم ’نامعلوم افراد2‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی نامور ماڈل و اداکارہ ہانیہ عامراس وقت شدید تنقید کی زد میں آگئیں جب انہوں نے جہاز میں اپنے پیچھے بیٹھے مسافر کی اجازت کے بغیران کی تصاویر لینے کی کوشش کی۔ ان کی اس حرکت پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

مومنہ مستحسن:

پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے رواں سال کوئی خاص اور قابل ذکر کام تو نہیں کیا تاہم پھر بھی لوگ انہیں گوگل پر سرچ کرتے رہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں رواں سال بالی ووڈ فلموں، دنگل، رئیس، جگاجاسوس، ہاف گرل فرینڈ، منا مائیکل، وجہ تم ہو، ہالی ووڈ فلم فاسٹ اینڈ فیورس8، ڈبلیو ڈبلیو ای کے اصول اورعید مبارک بھی سرچ کرتے رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).