ملتان کے ایک خوش بیان وکیل کی بھل صفائی
آج شام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے کلاس پڑھا کر نکلا تو سڑک پر غیرمعمولی ہجوم تھا۔ نامعلوم کہاں کہاں پر رکتی، مڑتی اور رینگتی ہوئی گاڑی نے بالآخر اڑھائی گھنٹے بعد گھر پہنچایا تو حسب معمول "ہم سب” کھولنا چاہا تاکہ معلوم ہو سکے کہ غیر حاضری کے دوران رفقائے کار نے کون سی تحریریں شائع کیں۔ فیس بک کا صفحہ بھی کھولا تاکہ پیغامات وغیرہ سے آگہی ہو سکے۔ معلوم ہوا کہ عدم موجودگی میں ملتان کے ایک خوش بیان وکیل صاحب نمودار ہوئے تھے۔ غالباً انہیں بے پناہ خوشی تھی کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے ان کے موقف کی حمایت کر دی ہے۔ اسی سرمستی میں خود ہی کچھ لکھا، جواب نہ پا کر کچھ مزید لکھا اور پھر لکھتے ہی چلے گئے۔
لطف کی بات یہ ہے کہ مجھے ان صاحب سے شرف تعارف بھی حاصل نہیں۔ کبھی ملاقات بھی نہیں ہوئی۔ گویا جانتا تک نہیں۔ یہ تک نہین جانتا کہ اس ژاژ خائی کے لئے مجھ ہیچ مداں کا انتخاب کیوں کیا؟ اور پھر قطعہ بند یہ کہ مخاطب موجود ہی نہیں تھا تو کسی بات کا جواب دینے کی نوبت بھی نہیں آئی۔ بہرصورت، صاحب کی شیرینی کلام سے یہ معلوم ہو گیا کہ غالباً وکیلوں کی اس نسل سے تعلق رکھتے ہیں جو افتخار محمد چوہدری کی تحریک سے پیدا ہوئی ہے۔ (براہ کرم تحریک کو اصطلاحی معنوں میں مت پڑھیے گا)
وضاحت کر دی جائے کہ ہم اہل لاہور ملتان کو اپنا شہر سمجھتے ہیں۔ ملتان کے ایک وکیل سے بھائیوں جیسا تعلق رہا۔ ان کا اسم گرامی راشد رحمان تھا۔ ملزم کے حق دفاع میں جان دینے والا وکیل راشد رحمان تھا۔ ملتان کے وکیل اساتذہ میں سجاد حیدر زیدی سے شرف تلمذ رہا۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے قسور گردیزی کا شمار پاکستان کے بہترین سیاسی کارکنوں میں ہوتا تھا۔ خاکسار کو ان سے فیض اٹھانے کا موقع ملا۔ میرے دو بہترین دوست رضی الدین رضی اور شاکر حسین شاکر ملتان میں رہتے ہیں۔ مجھے ڈاکٹر انوار احمد اور ڈاکٹر قاضی عابد سے نیاز مندی ہے۔ مجھے پروفیسر صلاح الدین حیدر اور پروفیسر عابد عمیق کی دست بوسی کا شرف حاصل رہا ہے۔ مجھ ناچیز پر ڈاکٹر اے بی اشرف شفقت کرتے ہیں۔ مجھے ڈاکٹر اصغر ندیم سید کے تبحر علمی سے استفادے کا دعوی ہے۔ مجھے پروفیسر خالد سعید سے مودت کا دعویٰ ہے۔ ڈاکٹر اخترعلی سید علم نفسیات میں عالمی شہرت رکھتے ہیں۔ اختر سے دوستی عشروں پرانی ہے۔ ملتان کی زمین ایسی خوش نصیب ہے کہ طفیل نیازی ہجرت کر کے آئے تو انہوں نے ملتان کو رونق بخشی۔ ملتان کی دھرتی نے پاکستان کو زاہدہ پروین کی کافی سے مالامال کیا۔ ملتان کی مٹی میں آم جیسی مٹھاس ہے۔ آئیے آپ کو ایک پرانا واقعہ سناتے ہیں۔
روایت کی جاتی ہے کہ روشن آراً بیگم شاگردی کے لئے استاد عبدالکریم خان صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئیں۔ استاد نے از رہ شفقت کہا، بیٹی کچھ سنائیے۔ روشن آرا کم عمر تھیں۔ راگ ملتانی چھیڑ دیا۔ استاد سنتے رہے۔ راگ ختم ہوا تو پوچھا، بیٹی یہ آپ نے کیا گایا؟ انہوں نے کہا، استاد راگ ملتانی تھا۔ استاد عبدالکریم نے ہنس کر کہا، راگ ملتانی تو نہیں، اسے ملتانی مٹی کہو۔
تو اے صاحبان فکر، سُر کی چاشنی میں کبھی کبھی مٹی کی آمیزش بھی ہو جاتی ہے۔ ملتان کے حوالے سے گرد، گرما، گدا و گورستان کا ذکر سن رکھا تھا۔ آج ملتاں کے گورستان میں بے سبب گرما کر گرد اڑاتے گدائے ژولیدہ فکر سے مل لئے۔ گویا آج ملتان کی مٹی سے تعارف رہا۔ بغیر کسی قطع و برید کے صاحب برہان کی خوش بیانی کا عکس پیش خدمت ہے۔ ذری آپ بھی جان لیں کہ قانون کے کیسے کیسے محافظ اب اس ملک میں پیدا ہو گئے ہیں۔ اللہ کی قدرت ہے کہ محمد علی جناح نامی ایک وکیل کی قیادت میں ہمیں ایک قطعہ ارضی موسوم بہ پاکستان بخشا تاکہ ہم ملتان کے ایسے نابغہ روز گار ماہر قانون جیسے لطائف غیبی سے محظوظ ہو سکیں۔




