مادہ کو متوجہ کرنے کے لیے مشین گن کی آواز نکالنے والی مچھلی


امریکی ماہرین نے دنیا کی سب سے زیادہ شور مچانے والی مچھلی دریافت کرلی ہے جو ایسی آوازیں نکالتی ہے جیسے مشین گن سے فائرنگ ہورہی ہو۔

میکسیکو میں جس مقام پر دریائے کولوراڈو سمندر میں گرتا ہے، اس ڈیلٹا کے قریب ہی سمندر میں مچھلی کی یہ قسم پائی جاتی ہے جو ہر سال فروری سے جون تک کے مہینوں میں یہاں اپنی نسل بڑھانے کی غرض سے آتی ہے۔ ’’گلف کوروینا‘‘ (Cynoscion othonopterus) کہلانے والی یہ مچھلیاں دریا کے دہانے کے قریب ایسے سمندری مقامات پر جمع ہوتی ہیں جہاں کا پانی بہت گدلا ہوتا ہے۔

زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ملاپ کی غرض سے (یعنی مادہ کو متوجہ کرنے کےلیے) گلف کوروینا کے نر بہت بلند آوازیں نکالتے ہیں۔ یہ آوازیں اتنی عجیب و غریب اور اونچی ہوتی ہیں کہ یوں لگتا ہے جیسے مشین گن سے تڑاتڑ گولیاں برسائی جارہی ہوں۔ یہ سلسلہ ہر سال فروری سے جون تک جاری رہتا ہے جس میں بتدریج شدت آتی ہے اور پھر شور کم ہوتا چلا جاتا ہے۔

یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن کے بریڈ ایرسمین اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو کے ٹموتھی روول نے ان مچھلیوں پر طویل تحقیق کرنے کے بعد ان کی آوازیں ریکارڈ کی ہیں جن کی ایک آڈیو فائل انہوں نے عوامی دلچسپی کےلیے ’’ساؤنڈ کلاؤڈ‘‘ پر بھی رکھ دی ہے جسے سننے کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے۔

گلف کوروینا کی یہ آوازیں انہوں نے خاصے فاصلے سے ریکارڈ کی ہیں جنہیں سن کر ایسا لگتا ہے جیسے دور کہیں پر مشین گن یا کلاشنکوف سے فائرنگ کی جارہی ہو۔ اس دلچسپ تحقیق کے نتائج ریسرچ جرنل ’’بائیالوجی لیٹرز‘‘ میں شائع ہوئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).