تکیہ اور غلاف نہ دھویا جائے تو کیا ہوتا ہے؟


چینی خاتون سوتے وقت 5 سال تک ایک ہی تکیہ استعمال کرتی رہیں یہاں تک کہ اس کا غلاف بھی نہیں دھویا گیا جس کے باعث خاتون کی پلکوں میں مختلف اقسام کے کیڑے پڑگئے ہیں۔

چین کی مقامی میڈیا کے مطابق ایک خاتون کو آنکھوں میں تکلیف اٹھنے پر اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے آنکھیں سرخ ہونے کے باعث انہیں قطرے استعمال کرنے کا مشورہ دیا لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑا اور تکلیف مزید بڑھتی گئی۔ یہاں تک کہ آنکھیں واضح طور پر سرخ دکھائی دینے لگیں اور ان میں خارش بھی شروع ہوگئی جس پر خاتون کو دوبارہ اسپتال لایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے خاتون کا معائنہ کیا تو وہ خود بھی حیران رہ گئے کیوں کہ ان کی پلکوں میں 10 مختلف اقسام کے تقریباً 100 کیڑے (جوئیں) پائی گئیں، جو عام طور پر ہر انسان کے جسم خاص کر چہرے میں پائی جاتی ہیں لیکن ان کا حجم بہت چھوٹا ہوتا ہے جس کے باعث وہ کسی کو دکھائی نہیں دیتی لیکن اس کیس نے ڈاکٹرز کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ ان جوؤں کو مائٹس بھی کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹرز کے اصرار پر خاتون نے انکشاف کیا کہ وہ جس تکیے پر سوتی ہیں اس کا غلاف گزشتہ 5 برس سے نہیں دھویا گیا یعنی ان کا تکیہ ان ننھی جوؤں کی آماجگاہ بن چکا تھا جو رفتہ رفتہ خاتون کے چہرے خاص کر پلکوں میں بسیرا کرتی رہیں اور آخرکار خاتون کے لیے پریشانی کا باعث بنیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).