سعودی عرب میں کون کس کا کندھا استعمال کر رہا ہے؟


پاکستان میں حزبِ اختلاف کی بڑی جماعتیں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے بلوائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شریک ہیں۔

لاہور میں جاری اس کانفرنس کے آغاز کے موقع پر اپنے خطاب میں طاہر القادری نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ دوسری جماعتوں کو بطور کندھا استعمال کر رہے ہیں۔ انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب میں کون کس کا کندھا استعمال کر رہا ہے۔‘

یہ کانفرنس سنہ 2014 میں لاہور کے ماڈل ٹاون واقعے کے ذمہ دران کے خلاف بلوائی گئی ہے۔ اس واقعے میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پنجاب پولیس کے درمیان جھڑپ کے دوران 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی سمیت متعدد جماعتوں کے سینئر رہنما اس کانفرنس میں شریک ہیں۔

ان جماعتوں کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن واقعے کے ذمہ دران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے حکومتِ پنجاب کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر لانے کا حکم دیا تھا۔

پاکستان عوامی تحریک کے مطابق اس کانفرنس میں 40 سیاسی اور مذہبی جماعتیں شریک ہیں۔ طاہرالقادری نے کہا کہ آج کی کانفرنس کا ایجنڈا سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ’مجھے کیوں نکالا‘ کے موضوع پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک چھت تلے جمع کیا ہے۔

طاہرالقادری نے مطالبہ کیا کہ حکومت مستعفی ہو۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب تمام فیصلے اے پی سی کرے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp