پاکستان میں 33 لاکھ سال پرانے جانور کی دریافت؛ فوسلز سوہاوہ سے ملے
سوہاوہ کے علاقے تتروٹ سے 33 لاکھ سال پرانے انتھریکو تھیریم خاندان کے فوسلز کی دریافت ہوئی ہے۔ ناپید جانور کی دریافت ہونے والی کھوپڑی وہیل اور دریائی گھوڑے سے مشابہت رکھتی ہے۔ کھوپڑی کا وزن دس کلو اور لمبائی ایک فٹ ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی کے ریسرچ اسکالر غیور عباس اور مقامی فیلڈ گائیڈ چوہدری عابد حسین اور مہتاب خان نے تحقیق کے دوران یہ کھوپڑی دریافت کی۔
محقق کے مطابق یہ جانور ارتقائی طور پر وہیل اور دریائی گھوڑے کے قریب ہے اور اس وقت نا پید ہوچکا ہے، جبکہ اس فوسل پر پنجاب یونیورسٹی میں مزید ریسرچ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے اس نواحی علاقے میں پہلے بھی بہت سے ناپید جانوروں کی باقیات دریافت ہوچکی ہیں۔




