ایپل کی تلافی؛ پاکستان میں آئی فون استعمال کرنے والوں کو 5000 روپے کا فائدہ


گزشتہ ماہ دسمبر کے آخر میں امریکی کمپنی ایپل نے اعتراف کیا تھا کہ وہ پرانے آئی فون کو جان بوجھ کر سست کرتی ہے۔

ایپل نے اعتراف کیا تھا کہ کمپنی نے 2016 میں ایک سافٹ ویئر فیچر متعارف کرایا تھا جو کہ پرانے آئی فونز کو سست کردیتا ہے، جس کی وجہ لیتھم اون بیٹری کی عمر بڑھنے سے ڈیوائس کو پیش آنے والے مسائل سے بچانا ہے۔

تاہم بعد ازاں ایپل نے صارفین سے آئی فون کو سست کرنے پر معزرت بھی کی تھی، لیکن دنیا بھر سے لوگوں نے کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ایپل نے معزرت کے ساتھ ہی کہا تھا کہ پرانے آئی فون صارفین موبائلز کی بیٹریاں تبدیل کریں تو موبائلز کی رفتار تیز ہوجائے گی، ساتھ ہی کمپنی نے بیٹریوں پر خصوصی رعایت کا اعلان بھی کیا تھا۔

اور اب ایپل نے آئی فون سکس اور اس کے بعد آنے والے ماڈلز کی بیٹریوں پر خصوصی رعایت شروع کردی۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین اپنے پرانے آئی فون کی بیٹری پاکستانی 8 ہزار روپے سے زائد کے بجائے اب محض 3 ہزار روپے میں حاصل کر سکیں گے۔

ایپل نے اعلان کردیا کہ دنیا بھر کے ایسے صارفین جن کے پاس آئی فون سکس یا اس کے بعد کے آئی فون ہیں اور ان کی رفتار سست ہے تو وہ کمپنی کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی رعایت سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

ایپل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سست آئی فون صارفین خصوصی رعایت کے تحت اپنے موبائل کی بیٹری تبدیل کروانے کے لیے کمپنی سے آن لائن رابطہ کرسکتے ہیں۔

سست آئی فون کی شکایت والے صارفین ایپل کے سروس پرووائیڈر سینٹرز سے بھی خصوصی رعایت حاصل کرسکیں گے۔

صارفین کو اپنے آئی فون کے سیریل نمبر سمیت دیگر معلومات فراہم کرنا ہوگی، جس کے بعد کمپنی پہلے یہ تصدیق کرے گی کہ شکایت کرنے والے صارف کا آئی فون سست ہے یا نہیں۔

کمپنی کی اس پیش کش کے تحت صارفین ایپل کی بیٹری محض 29 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 3 ہزار روپے سے زائد میں حاصل کرسکیں گے، ویسے بیٹری کی قیمت پاکستانی 8 ہزار روپے سے زائد ہے۔

Facebook Comments HS