کوہلی کی شادی اس کا پرسنل معاملہ ہے


پچھلے دنوں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی کو جس طرح سوشل میڈیا پر اچھالا جا رہا ہے وہ شرمناک ہے۔ ہر طرف اس کی شادی کی خبریں دکھائی دے رہی ہیں۔ شادی کی تصاویر شیئر ہو رہی ہیں۔ بلکہ ہنی مون تک کی تصاویر یوں شیئر کی جا رہی ہیں جیسے اس نوجوان اور دوشیزہ کی کوئی پرسنل زندگی ہی نہیں ہے۔

سیلبریٹی ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہوتا کہ بندہ انسان نہیں رہا۔ اس کی کوئی پرائیویسی نہیں رہی۔ اس کے بھی عام انسانوں جیسے جذبات ہوتے ہیں۔ اس کا بھی دل کرتا ہے کہ وہ عام لوگوں کی طرح بانو بازار میں کھڑا ہو کر چاٹ کھائے۔ ریڑھی پر بیٹھ کر گول گپے کھائے۔ شاپنگ مال میں کھڑا ہو کر ٹھنڈے یخ گولے گنڈے پر رنگ برنگے شربت ڈلوا کر کھائے۔ کسی خوبصورت یا خوب سیرت لڑکی سے شادی کرے۔ اسے لے کر پہاڑوں پر جائے اور وظیفے پڑھے۔ جتنی جی چاہے حماقتیں کرے۔ یہ اس کا ذاتی معاملہ ہے۔ صد افسوس کہ سیلیبرٹی کی پرائیویسی کا احترام نہیں کیا جاتا۔

ٹھیک ہے کہ میڈیا پر چلنے والی خبروں میں سے بہت سی جھوٹی ہوتی ہیں۔ مانا کہ ہم نے خود اپنی گنہگار آنکھوں سے ایک شادی کی مووی میں دیکھا تھا کہ کوہلی کی دلہن انوشکا شرما کی اس سے پہلے ایک پاکستانی لڑکے سرفراز سے شادی ہوئی تھی۔ مگر اس کا ہرگز بھی یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم اس کی بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے ہونے والی اس کی دوسری شادی کو اس طرح اچھالیں کہ اس کی کوئی پرائیویسی ہی نہ رہے۔ اگر خود سرفراز اس معاملے پر خاموش ہے تو باقی پاکستان اور ہندوستان اس کو کیوں اچھال رہا ہے اور اس کا دل جلا رہا ہے؟ ایسا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

ہماری سمجھ سے باہر ہے کہ محض شادی کرنے پر کوہلی کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ کوہلی کا ذکر صرف اس کی کرکٹ پرفارمنس پر جانا چاہیے۔ اس بات پر نہیں کہ اس نے داڑھی کیوں رکھی ہوئی ہے یا وہ کیسے کپڑے پہنتا ہے یا کیسا چشمہ لگاتا ہے یا کس لڑکی سے شادی کرتا ہے یا اسے کہاں کہاں لے کر جاتا ہے یا کیسی الٹی سیدھی باتیں کرتا ہے۔ آپ اپنے پڑوس یا اقارب میں کسی شادی شدہ جوڑے کی تصاویر اس طرح بلا اجازت شیئر کرتے یا ہر ملنے والے کو اس کی شادی کی خبریں سناتے تو پھر آپ کو لگ پتہ جاتا کہ پرائیویسی کا احترام کرنا کیوں ضروری ہے۔ خدارا یہی رویہ کوہلی کے ساتھ بھی اختیار کریں۔

کیا کبھی کوہلی نے آپ پر کوئی احسان دھرے ہیں کہ اس نے آپ کی خاطر یہ بنا دیا ہے یا وہ ڈھا دیا ہے یا وہ آپ کی زندگی میں فلاں تبدیلی لے آئے گا یا وہ وہ آپ کو اپنی ٹیم میں ڈال کر آپ کا کپتان بن جائے گا جو آپ اس کی ذات کو کٹہرے میں کھڑا کیے ہوئے ہیں اور اس کے کھانے پینے گھومنے پھرنے شادی کرنے پر اسے پریشان کرتے ہیں؟ وہ تو بس سر جھکا کر کرکٹ کھیلتا ہے اور کرکٹ کھیلتے کھیلتے ایک دن چپ کر کے اسی طرح واپس اپنا بلا ٹانگ دے گا جیسے عظیم کرکٹرز سچن تندولکر اور ڈان بریڈمین نے ٹانگا تھا۔

مانا کہ مسز کوہلی ایک بہت دلربا لڑکی ہیں۔ اچھی دکھتی ہیں۔ اچھا بولتی ہیں۔ ان کی پچھلی فلم کے مطابق ان کی زندگی میں روحانیت کا بھی بہت عمل دخل رہا ہے۔ لیکن اس کا ہرگز بھی مطلب نہیں ہے کہ آپ ان کی شادی اور ہنی مون وغیرہ پر فوکس کیے رہیں۔ وہ کس سے شادی کرتی ہیں یا کس سے علاحدگی اختیار کرتی ہیں، اس میں کسی کو دلچسپی نہیں ہونی چاہیے۔ بہتر ہے کہ آپ صرف ان افراد کی شادی بیاہ میں دلچسپی لیں جو آپ کو اپنی شادی کا دعوت نامہ بھیجتے ہیں یا جو آپ کی زندگی پر کسی طرح اثرانداز ہوتے ہیں۔ جو اپنی شادی کے بارے میں بتانے سے انکاری ہے آپ کیوں اس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں اور اس کے راز کھول رہے ہیں؟

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1548 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar