کروڑوں اربوں کی باتیں
ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ہمارے انتہائی قابل باس نے، اعتراف کیا کہ ملین، بلین، ٹریلین وغیرہ ان کی سمجھ میں نہیں آتے لیکن کروڑ، ارب، کھرب سمجھ میں آتے ہیں۔ میرے لیے یہ اچنبھے کی بات تھی، کیوں کہ وہ لندن سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے آئے تھے اور ان کی انگریزی کے تو سبھی معترف تھے۔ اس وقت میں نے سوچا کہ اس معاملے میں میں اکیلا نہیں ہوں۔ اب مجھے کینیڈا آئے کئی سال ہو گئے ہیں، لیکن اب بھی یہ مسائل تنگ کرتے ہیں۔ مثلاً آج ہی ایک خبر پڑھنے کو ملی جس میں ایک لاکھ کروڑ روپے کا تذکرہ تھا، تو کئی واقعات یاد آ گئے۔ ایک لاکھ کروڑ کا مطلب بھی آگے آئے گا۔ پڑھتے رہیے۔
ملین، بلین، ٹریلین کو ارب، کھرب، کروڑ وغیرہ میں سمجھنا آسان نہیں ہے۔ بڑے بڑے پڑھے لکھے لوگ اس منزل پر چکرا جاتے ہیں۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ اردو کی خبر میں درج رقم کچھ زیادہ ہی غلط لگ رہی ہوتی ہے اور صحیح اعداد جاننے کے لیے انگریزی میں اصل خبر ڈھونڈتا ہوں تو پتا چلتا ہے کہ مترجم نے ملین کو کروڑ یا ٹریلین کو کھرب بنا دیا ہے۔ اس طرح کی غلطیاں اردو صحافت کا معیار گرا رہی ہیں اور آگاہی کے پردے میں گم راہی پھیلا رہی ہیں۔ میں نے سوچا کہ اس موضوع پر ایک مختصر مضمون لکھ دیا جائے تاکہ آئندہ یہ غلطیاں نہ ہوں۔
Read more
