کاش

بچپن سے پڑھا اور سنا ہے، کہ انسان کو اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات بنایا ہے۔ زمین پر انسان کا مقام اللہ تعالیٰ کے نائب کا ہے۔ مگر بصد افسوس کہ حضرت انسان نے اپنے عہدے کا پاس نہ رکھا، اور وہ کام کرنے شروع کر دیے جو اسے جانوروں سے بھی بد تر بنا دیتے ہیں۔ ہمار ا پیارا ملک پاکستان ہمارے بڑوں نے اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا۔ پاکستان کا نام رکھنے والے رحمت علی نے بڑی محبت اور عقیدت سے اس کا کا نام پاکستان رکھا تھا۔ یعنی پاک لوگوں کے ر ہنے کی جگہ۔مگر پاکستان بننے سے لے کرآج تک ہم نے اس کے ساتھ کوئی اچھا سلوک نہیں کیا۔ قائد اعظم کی وفات ہو، یا لیاقت علی خان کوشہید کرنا۔ حکیم سعید کی شہادت ہو یا مولانا سمیع الحق کی شہادت۔ آج تک کتنے ہی محب وطن لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ نہ ان کے قاتلوں کا کچھ پتہ چلا اور نہ ہی ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکی۔ تاریخ کا مطالعہ کریں تو پتہ چلتا ہے کہ حضرت انسان نے حکومت کے لالچ میں کیا کچھ نہیں کیا۔ سگے رشتہ داروں نے ایک دوسرے کا خون تخت حاصل کرنے کے لیے بہا دیا۔ یہی سب کچھ ہمارے پیارے ملک پاکستان میں بھی ہوتا رہا ہے۔

Read more