وزیراعظم عمران خان کو لایا گیا ہے: چوہدری نثار علی خان
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو لایا گیا ہے۔ الیکشن سے ایک مہینہ قبل ایک دوست کے گھر پر عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی
جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“میں اینکر پرسن منیب فاروق نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔ اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لایا گیا ہے۔ اس سے آگے بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن نہیں کہوں گا۔ ایک سوال پر چوہدری نثار نے کہا کہ عام انتخابات سے چار ہفتے قبل ایک دوست کے گھر پر عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے مجھے پی ٹی آئی میں شرکت کی پیشکش کی تھیں لیکن میں نے انکار کردیا تھا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان میرے بچپن کے دوست ہیں اور سیاسی صورتحال کے باعث مجھے پتہ تھا کہ وہ وزیراعظم بن رہے ہیں لیکن میں نے انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت سے انکار کر دیا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد بھی حکومتی ایوانوں سے رابطوں کی کوشش کی گئی لیکن میں نے ایک بار پھر انکار کردیا کیونکہ میں اس سٹیج پر نہیں بیٹھ سکتا تھا جہاں پر شریف خاندان کے خلاف بات ہو رہی ہو ۔


