میریٹل ریپ کی شکایت پر جہلم میں شوہر گرفتار
جہلم پولیس نے ایک خاتون کی طرف سے میریٹل ریپ کی شکایت پر اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ایک خاتون (ن) نے جمعرات کے روز اپنے شوہر کے خلاف میریٹل ریپ اور خلاف وضع فطری فعل کی شکایت درج کروائی۔ پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 377 کے تحت مقدمہ درج کر کے شوہر کر گرفتار کر لیا ہے۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے شوہر کی دوسری بیوی ہے۔ شوہر اسے مرضی کے خلاف جنسی فعل پر مجبور کرتا ہے۔
واضح رہے کہ شادی کے دوران بالجبر جنسی فعل (Marital Rape) کے بارے میں پاکستانی قانون میں ابہام پایا جاتا ہے۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ قانون تعزیرات پاکستان کی دفعہ 375 میں زنا کی جامع تعریف کرتے ہوئے شوہر یا بیوی کا لفظ استعمال نہیں کیا گیا بلکہ صرف عورت کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ چنانچہ پاکستانی قانون کے مطابق میریٹل ریپ جرم قرار پاتا ہے۔ تاہم پاکستان میں کبھی اس شکایت پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ پاکستان کے سخت سماجی ماحول میں زیادہ تر افراد میریٹل ریپ کے تصور ہی سے ناآشنا ہیں۔



