بس کردو بس، زینب کے ماں باپ پر رحم کرو


میں ننھی زینب اپنے وطن کے لوگوں سے مخاطب ہوں، میرا قاتل پکڑا گیا، اسے ٹی وی پر دکھایا جارہا ہے سب شکر ادا کر رہے ہیں کہ مجرم پکڑا گیا۔ میرے ماں باپ کا غم تازہ ہے اس کو اور ہوا نہ دو، اب بس کردو ان کے چہروں سے عیاں تکلیف نظر نہیں آتی، ارباب اختیار کی تالیاں اور میرے ماں باپ کی بے بسی کو دکھانا بند کردو، اس پر لکھنا اور بولنا بند کردو، جو قاتل پکڑا ہے اسے سزا دو اور خاموش ہو جاؤ کیونکہ یہی بہتر ہے۔ یہاں ایک کو پکڑ کر اپنی واہ واہ ہی کی جاتی ہے، اس کے ذریعے اس گروہ کو بھی پکڑو جو دوسو سے ڈھائی سو بچوں کے گناہگار ہیں قصور شہر کا ہی واقعہ ہے گندی فلموں کا کاروبار کرنے والوں کو پکڑو، تالیاں بجا کر بس مت ہو جانا۔

تمام والدین اپنے بچوں کو بہادر بنائیں، انھیں اپنی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں، ہر ممکن حد تک اکیلا نہ چھوڑیں نہ کسی اور کی ذمہ داری میں دیں اپنے بچوں پر اپنی نظر رکھیں۔ مجھ سے ماں کے آنسو اور بابا کی بے بسی دیکھی نہیں نہیں جاتی انھیں یوں کیمروں کے سامنے لا لا کر اپنی کارکردگی کی واہ واہ نہ کرواؤ، تم نے سارے قاتل سارے گندے لوگ پکڑ لیے سب بچے محفوظ ہوگئے ہیں جب ایسا ہو تب ایسا جشن منانا۔ میرے ماں باپ کا دل چیر کر دیکھو اس میں میرے غم کا آتش فشاں جمع ہورہا ہے، بے بس ماں باپ کا صبر نہ آزماؤ، بے کس بہن بھائیوں سے بار بار سوالات نہ پوچھو ان کے ایک ایک آنسو کے ساتھ میری تکلیف بڑھتی جاتی ہے میں بے چین ہو جاتی ہوں کہ بڑھ کر ان کے آنسو بھی نہیں پونچھ سکتی۔ اپنے چینلز کی ریٹنگ کی خاطر ایسے کام نہ کرو جس سے میری روح کو تکلیف پہنچے۔

میں اس دنیا میں ہی ہوں دوسری بچیوں کی صورت میں، ان کی حفاظت کرو، ان کا خیال کرو، انھیں اپنی حفاظت کے حصار میں رکھو، اپنی بچیوں کی پھولوں کی طرح حفاظت کرو کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی انھیں مرجھا کر رکھ دیتی ہے۔ اپنے چاروں طرف نظر رکھو کسی غیر کے ساتھ بھی برا ہوتے دیکھو فوراً پکڑو تاکہ ایک اور زینب پائمال ہونے سے بچ جائے، کسی پر شک گزرے اس سے پوچھ گچھ ضرور کرو تاکہ برے انکل پکڑے جائیں۔ اپنے بچوں کو سمجہادو کسی غیر اور یہاں تک کہ جاننے کے کہنے میں بھی نہ آئیں، کوئی ٹافی، کلپ، کھلونوں کی لالچ دے اس کو بھی منع کردیں۔ میں تو بابا امی کی آمد کا سن کر اس درندے کے ساتھ چلی گئی۔ اب اور کوئی بچی کسی کے بہکائے میں نہ آئے۔ اپنے بیٹوں، بیٹیوں کی حفاظت امانت سمجھ کر کرو اللہ نے اولاد کی صورت میں نعمت دی ہے اس کا خیال کرو۔

جو قاتل تم لوگوں نے پکڑا اس کو ایسے سزا مت دینا بلکہ اس سے ان تمام درندوں کا پتہ اگلواؤ، یہ اکیلا نہیں اس کا گروپ ضرور ہوگا یہاں بے شمار بچے ہیں جو قصور میں ایسے ظلم کا شکار ہوئے جب یہ سب بتادے تو اس کو اس طرح سزا دو جیسا اس نے میرے ساتھ کیا ایک ایک رگ کاٹ دو اور تڑپ تڑپ کر جان دینے دو بالکل رحم نہ کھانا بلکہ ایسی سزا ہو جسے دیکھ کر دوسرے عبرت پکڑیں اور کسی بچے کے ساتھ ایسا کام نہ کریں۔ اس کو کچرا کنڈی پر لے جاکر مارو تاکہ کتے بلیاں اس کے جسم کو بھنبھوڑیں اور کچرا کنڈی پر پڑا رہنے دو سسکتے سسکتے مرنے دو اس کا انجام دوسروں کے لیے عبرت ثابت ہو اور دوبارہ کوئی ایسی حرکت کرنے کا سوچے بھی نہ۔ اپنے بچوں کی حفاظت کرو خدا حافظ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).