اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ


پاکستان کے مختلف شہروں میں 6 اعشاریہ 2 شدت کے زلزلے سے خوف وہراس، اسلام آباد ، لاہور سمیت مختلف شہروں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور اونچی عمارتوں سے باہر آئے۔ اسلام آباد، لاہور سمیت خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے یہ جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کامونکی، شیخوپورہ، قصور، کوٹلی، راولہ کوٹ، مظفر آباد، میر پور آزاد کشمیر, پشاور، ملتان، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں زلزلے سے بیلہ کے علاقے میں ایک اسکول کی چھت گر گئی جس سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ ایک گھر کی چھت گرنے کی بھی اطلاعات ہیں جہاں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اور اس کا مرکز افغانستان کا صوبہ بدخشاں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر تھی۔

اسلام آباد میں زلزلے کے باعث سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران وکلا اور دیگر افراد عدالت سے باہر آگئے، جبکہ پارلیمنٹ میں صنعت و پیدوار کمیٹی کے اراکین اجلاس میں موجود تھے جو زلزلے کے باعث خوف سے باہر آگئے۔

پشاور کے علاقےلنڈی ارباب میں زلزلے کےباعث اسکول میں بھگڈر مچ گئی جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں سےلوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے تین سے چار سیکنڈ تک محسوس کیے گئے تاہم ان کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

اس کے علاوہ بھارت کے شمالی علاقوں سمیت کابل اور نئی دلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

Facebook Comments HS