دھرنے والوں کے ساتھ پورا پاکستان ہے: عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والوں کے ساتھ پورا پاکستان ہے، قبائلیوں کے بہتر مستقبل کے لیے فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ضم ہونا انتہائی ضروری ہے۔
نقیب الله قتل کیس میں راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے چوتھے روز بھی محسود قبائل کا دھرنا جاری ہے۔
عمران خان نے نقیب اللہ قتل کے خلاف جاری محسود قبائل کے دھرنے سے خطاب میں کہا ہے کہ وہ خود بھی ان لوگوں کے ساتھ مل کر راؤ انوار کو ڈھونڈیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ راؤ انوار نے صرف نقیب اللہ کا نہیں بلکہ دیگر لوگوں کا بھی قتل کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ قبائلیوں کے مطالبات آرمی چیف تک پہنچائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جس طرح نقیب اللہ کو قتل کیا گیا، اسی طرح کراچی میں کئی لوگ مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کے قتل کے حوالے سے آپ کے مطالبات درست ہیں۔


