سفید داڑھیوں والوں نے فاروق ستار سے مفاہمت کے لیے کہا


ویب ڈیسک: اطلاعات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان رابطہ کمیٹی نے پھر سے ڈاکٹر فاروق ستار کی طرف مفاہمت کا ہاتھ بڑھادیا ہے، تمام کنوینرز کا ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کو منانے کے لیے پی آئی بی جانے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط کو واپس لینے کا اعلان کیا۔

میڈیا سے بات کرتے عامر خان نے کہا کہ مخالفین، میڈیا اور کچھ لوگوں کی جانب سے مسلسل یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ لڑائی فاروق ستار اور عامر خان کے درمیان ہے، عامر خان پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران عامر خان رو پڑے، بولے کہ جس دن سے پارٹی میں شامل ہوا، کبھی عہدہ حاصل کرنے کی تمنا نہیں کی، جو عزت و احترام ملی وہ عہدے سے نہیں ملتی، میرا احترام اور عزت کارکنوں سے ہے۔

پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ 25 مارچ 2011ء کو میرے 28 سال کے جوان بیٹے کو قتل کیا گیا تھا، صرف دو مہینے بعد 22 مئی 2012ء کو ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت اختیار کی، میرے سامنے شرط رکھی گئی تھی کہ شہدا فیملی کے سامنے آکر معافی مانگنی پڑے گی، اس کے بعد ہی پارٹی میں شامل کیا جائے گا، مہاجر نوجوانوں کو بچانے کے لیے میں نے ہزاروں افراد کے سامنے معافی مانگی۔

وہ بولے کہ اسی لڑائی میں میرے بیٹے کا قتل ہوا تاہم کسی سے شکوہ نہیں کیا، اس لڑائی میں مہاجر نوجوانوں کا قتل ہوا، میں اعلان کرتا ہوں کہ ساری زندگی ایم کیو ایم کا کنوینر نہیں بنوں گا۔

اس سے پہلے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بہادر آباد آفس میں ہوا، جس میں ڈپٹی کنوینر کنور ندیم جمیل، خالد مقبول صدیقی، عامر خان، نسرین جلیل، روف صدیقی، وسیم اختر، فیصل سبزواری، امین الحق سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے ایک بار پھر ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب مفاہمت کا ہاتھ بڑھانے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ کچھ سفید داڑھیوں والے بزرگ معاملات حل کرانے کے لیے سرگرم ہیں، جنھوں نے دونوں جانب کے رہنماوں سے ملاقاتیں کیں؛ ان کا (سفید داڑھیوں والوں) کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی بات مان لیں۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے سے جاری صورت احوال کو بہتر کرنے کی بارہا کوشش کی، ایک بار پھر معاملہ حل کرنے کے لیے ڈاکٹر فاروق ستار کی خواہش پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھا گیا خط واپس لینے کا اعلان کرتا ہوں۔ رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ای سی پی کو لکھا گیا خط سے دست برداری اختیار کرلی جائے۔ پارٹی کے اتحاد، قوم کے مفاد اور خواہش کے مطابق الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط سے دست برداری اختیار کی جارہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ایک بار پھر ڈاکٹر فاروق ستار کو منانے کے لیے پی آئی بی کالونی جارہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے تقریباً تمام اراکین اجلاس میں شریک ہوئے اور متفقہ فیصلہ کیا کہ پارٹی کو تقسیم سے بچانے کے لیے انتہائی اقدام تک جائیں گے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا، کہ بہادر آباد آفس ایم کیو ایم پاکستان اور پوری مہاجر قوم کی امیدوں کا مرکز ہے، فاروق ستار کو منانے کی پھر کوشش کریں گے، ہماری مخلصانہ کوششوں کو اللہ بار آور اور کامیاب کرے گا، ہماری کامیابی یہ ہوگی کہ ایک ہفتے قبل والی نہیں بلکہ عظیم الشان اور اپنے مقاصد کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھنے والی پارٹی بن جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).