حسن ابدال میں 13 سالہ بچی کی 53 سالہ شخص سے شادی؛ پولیس کی کارروائی

غربت کے نام پر 13سالہ بچی کی شادی 53 سالہ بوڑھے سے کردی گئی تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرکے دولہا اور لڑکی کے والد کو گرفتار کر لیا جبکہ نکاح خواں گرفتاری کے خوف سے فرار ہو گیا۔
یہ واقعہ تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں واقع گاؤں پنڈ مہری میں پیش آیا جہاں چائلڈ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کی اطلاع ملتے ہی قانون حرکت میں آ گیا۔
پولیس کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی کہ مردان کا رہائشی محمد عارف جو پنڈ مہری میں مقیم ہے، اپنی13سالہ بیٹی کی شادی بوڑھے شخص سے کر رہاہے جس کا باقاعدہ نکاح 11 فروری کو مقامی نکاح خواں مولوی محمد اسماعیل نے پڑھایا مگر نکاح رجسٹرار نے کم عمری کے باعث اسے رجسٹر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رخصتی کے روز دولہا اختر نواز ولد حمید اور لڑکی کے والدعارف خان کو گرفتار کر لیا جبکہ کم عمر دلہن کائنات کو حفاظتی تحویل میں لے کر دارلامان اٹک بھجوا دیا گیا۔

