کیا واقعی یہ پی آئی اے ہے، ہماری قومی ائیر لائن؟


ایک زمانے میں حبیب بنک کا اشتہار آیا کرتا تھا، آپ کا بنک، میرا بنک، ہمارا بنک، سب کا بنک اور پھر ایک بچہ کہا کرتا تھا، “میرا بھی تو ہے”، آج پی آئی اے کا فیس بک پیج دیکھا تو دل چاہ رہا تھا کہ ویسے ہی ایک نعرہ لگایا جائے کہ پی آئی اے تو میرا بھی ہے۔ ابا نے ساری زندگی پی آئی اے میں نوکری کی، خود باہر کے سفر کیے، ڈھیر سارے، ہم لوگوں نے اندرون ملک زیادہ عیش کیا۔ تھوڑا سا ٹیکس دینا ہوتا تھا اور پورا ٹکٹ فری، جہاں مرضی جاؤ، جب مرضی جاؤ۔

پشاور، کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد کے ائیرپورٹ تو ایسے یاد ہوتے تھے جیسے ایویں بندہ مارکیٹ جاتا ہے۔ اس زمانے میں ٹرین سے سفر کرنا ہم لوگوں کے لیے تھرل ہوتا تھا۔ ناشکرا ہے، انسان نام ہی اسی چیز کا ہے، تو ہم لوگ دعا مانگتے تھے کہ یار کبھی تو ایسا ہو کہ ٹرین پہ جانا پڑا جائے۔ ایک مسئلہ یہ تھا بلکہ اب تک ہے کہ سٹاف کے بندوں کی سیٹیں بک نہیں ہوتیں۔ مطلب اگر مفت والا ٹکٹ ہے تو سب سے آخر میں آپ کی بورڈنگ ہو گی اور وہ بھی چانس پہ ہو گی۔ اس پہ بڑی تپ چڑھتی تھی لیکن خیر اسی فیصد تک تو کام ہو ہی جاتا تھا، جب بہت زیادہ رش ہوتا تو اگلی فلائیٹ کا انتظار کر لیتے۔ اب چھوٹا بھائی اسی ادارے میں ہے اور یہ سارے کشٹ اسی کے ذمے ہیں۔

کمنگ بیک ٹو دا پوائنٹ، ویب سائٹ اور فیس بک پیج کی حد تک تو لگتا ہے کسی عقلمند کے ہاتھ میں سب کچھ آ گیا ہے۔ ایک نئے پن کا احساس ہوتا ہے اگر بندہ پی آئی اے کی سائٹ یا فیس بک پیج وزٹ کرے۔ ایک آدھ جگہ تھوڑا اوور ایڈورٹائزنگ کا شکار بھی ہوئے لیکن باقی سب کچھ دیکھتے ہوئے یار اسے معاف بھی کیا جا سکتا ہے۔ تو بین الاقوامی ڈیزائنرز سے اپنے دور عروج میں یونیفارم ڈیزائن کرنے والا پی آئی اے اس مرتبہ ٹرک آرٹ اور Punk Art کا سہارا لیتا نظر آ رہا ہے۔ بہت سے اشتہار فیس بک پیج پہ موجود ہیں جو بڑے دلچسپ اور کلر فل نظر آ رہے ہیں۔ کچھ خواتین کے حوالے سے بھی پی آئی اے نے اچھا انیشئیٹیو لیا ہے۔ انہیں پازیٹو طریقے سے ہائی لائٹ کیا جا رہا ہے۔ لوگوں سے بات چیت اور رابطہ رکھنے میں بھی پیج کے ایڈمن لوگ کافی فعال ہیں۔ کل ملا کے گھر بیٹھے بیٹھے تو بھائی سو بٹا سو دے رہا ہے، ویل ڈن پی آئی اے! ابھی جیسے ہی کوئی فلائٹ پہ جانا ہوتا ہے تو باقی تاثرات واپس آ کے ریکارڈ کروائے جائیں گے۔ یہ چند تصاویر دیکھیے، آخر میں ویب سائیٹ اور آفیشل فیس بک پیج کا لنک موجود ہے؛

https://www.facebook.com/PakistanIntAirlines/?hc_ref=ARRcc9mK90Dq7cxYPSod3EcxRMk8gEsq-kaxoPRDDbNkNTFFPtLlO9HNvZLTcyNVpF0

http://www4.piac.com.pk/pianew/

حسنین جمال

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

حسنین جمال

حسنین جمال کسی شعبے کی مہارت کا دعویٰ نہیں رکھتے۔ بس ویسے ہی لکھتے رہتے ہیں۔ ان سے رابطے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں۔ آپ جب چاہے رابطہ کیجیے۔

husnain has 496 posts and counting.See all posts by husnain