سری دیوی آئٹم سانگ کر کے مداحوں کو صدمہ نہیں پہنچانا چاہتی تھیں


ہفتے کی شب پراسرار طور پر دبئی میں انتقال کرنے والی سری دیوی ہمیشہ اپنے مداحوں کے جذبات کا خیال رکھتی تھیں۔ چھ برس قبل سری دیوی تقریبا 17 برس بعد اپنی فلم انگلش وگلش کے ذریعے فلمی دنیا میں لوٹیں تو اس فلم کی کامیابی پر بے تحاشا خوش تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ اگرچہ میں 17 سال بعد فلموں میں آئی ہوں لیکن اب ان کی اگلی فلم کے لیے ناظرین کو اتنا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ وہ اپنی اس کامیابی کا سارا کریڈٹ اپنے مداحوں اور فلم کی ہدایت کار کو دیتی تھیں۔

اکتوبر 2012 میں ریلیز ہونے والی انگلش وگلش کو ناقدین کی تعریف کے ساتھ ساتھ شائقین نے بھی پسند کیا۔ سری دیوی کے مطابق ’ناظرین نے اس فلم کو اتنا پسند کیا کہ کئی لوگ مجھ سے یہ بھی کہتے ہیں کہ اس کا سیکوئل آنا چاہیے۔‘ سري دیوي نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اس دور کے نئے فنکاروں کی مداح ہیں اور ان کے ساتھ فلمیں کرنا چاہیں گی۔

فلموں میں آئٹم نمبر کے بڑھتے رجحان پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سری دیوی نے کہا ’کم سے کم میں تو آئٹم نغمے کر کے ناظرین کو جھٹکا نہیں دینا چاہوں گی۔ لیکن مجھے ذاتی طور پر ان سے کوئی مسئلہ نہیں۔ ناظرین انہیں پسند کر رہے ہیں تو اس میں مسئلہ کیا ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).