کیا ہمیں اپنے بچوں کو گڈ بائے مسٹر چپس نامی ناول پڑھانا چاہیے؟


2۔۔۔ دوسری بات جو قابلِ غور ہے وہ یہ کہ؛ کیا ہم ناول کے ساتھ صحیح سلوک کر رہے ہیں؟ معذرت کے ساتھ۔۔ جواب نفی میں ہے۔ ہمارے امتحانی نظام نے اس سادہ مگر پر تاثیر کتاب کو تسخیر کرنے کے مواقع محدود کر رکھے ہیں۔ ذرا سوال دیکھئے جو امتحانی پرچوں میں پوچھے جاتے ہیں: مسٹر ویدربی نے سکول (برووک فیلڈ) کس سال میں جوائن کیا؟ کس سال میں مسٹر چپس ریٹائر ہوئے؟ برووک فیلڈ نے انھیں ریٹائرمنٹ کے موقع پر کیا تحائف دئیے؟ یا یہ کہ پوچھا جائے کہ گریٹ گیبل جاتے ہوئے کون مسٹر چپس کے ساتھ تھا؟ یہ سوال طلباء کو کسی بھی طرح کا علمی فائدہ دینے سے قاصر ہیں۔ یہ سوا ل اکتسابی درجوں میں سب سے نچلی سطح کے ہیں جو کہ محض ناول کا سطحی علم پرکھتے ہیں جس کا تعلق بچوں کی یادداشت سے ہے۔

ناول کو اس انداز سے دیکھا جائے تو یہ محض ایک ریٹائرڈ سکول ٹیچر کی بوسیدہ کہانی دکھتی ہے۔ کسی بھی ناول کو پڑھنے کا مقصد صرف اس کی سطحی تصویر دیکھنا ہرگز نہیں ہوتا بلکہ اس کے تناظر میں زندگی کو دیکھنا ہوتا ہے۔ کہانی کی زیرِسطح ایک مصنف کا فلسفہ اپنے کرداروں اور واقعات کے ذریعے اس سے بڑھ کر کچھ بیان کر رہا ہوتا ہے۔ بجائے ایسے سوالوں کے جو کہ طلباء کی یادداشت کی جانچ کریں، ایسے سوال کئے جانے چاہییں جو انھیں تنقیدی جائزے اور ریسرچ کی طرف لے جائیں۔

مثال کے طور پہ کچھ ایسے موضوعات کو اجاگر کیا جا سکتا ہے ۔۔۔ کیتھرین کا تدریس کے شعبے کو سب سے معتبر شعبہ بیان کرنا ان الفاظ میں،’ سکول ماسٹر ہونا ایک انوکھی، ایک اہم بات ہے‘،۔۔۔ اساتذہ کے درس و تدریس کے دوران ہلکے پھلکے مزاح کی اہمیت۔۔۔مسٹر چپس کی اپنے طلباء کے ساتھ گہری جذباتی وابستگی کے حوالے سے اساتذہ اور طلباء کے تعلق پر بات چیت۔۔۔ کیتھرین کا کردار بمقابلہ انگلینڈ کے انیسویں صدی میں آزادی نسواں پر دقیانوسی خیالات ۔۔۔ برنارڈ شا، ولیم مورس اور ابسن کے ترقی پسند افکار جنھوں نے کیتھرین اور اس جیسے بیشمار لوگوں کو متاثر کیا۔۔۔ وہ فرق جو جیمز ہلٹن روائتی طرزِ تعلیم اور جدید طرزِ تعلیم میں دکھاتا ہے۔۔۔اور سب سے بڑھ کر آج کا سب سے اہم مسئلہ ’تجارتی تعلیمی نظام‘کا۔ یہ ناول طلباء کے مابین اعلیٰ درجے کی بحث کے لئے ایک زمین مہیّا کرتا ہے۔اس ناول کی تعلیم، اس سے سیکھے حقائق کے ذریعے بین النصابی موافقت پیدا کرنے کے لئے خاصی گنجائش رکھتی ہے۔

اس بات سے کون انکار کر سکتا ہے کہ ناول کے پسِ پردہ چلنے والے جنگی حالات و واقعات۔۔۔ جنگِ عظیم اوّل اور دنیا پر اس کے جغرافیائی، سیاسی، اور معاشرتی اثرات کو زیرِ بحث لاتا ہے۔ جنگِ عظیم میں انگلینڈ اور فرانس کے الحاق پر جو قریباً ایک صدی ایک دوسرے سے لڑتے رہے تھے مسٹر چپس کے گہری سوچ میں ڈوبے الفاظ؛ ’حیران کن بات ہے نا! کس طرح ایک نسل کی قربانیاں، دوسری نسل کی قربانیوں کو ضائع کر دیتی ہیں‘ ۔۔۔ یہ الفاظ کاروبارِ جنگ کی تلخ حقیقت بیان کر جاتے ہیں۔ آج کے دور کی جنگی صورتحال اور انتہا پسندی اس موضوع کے تحت زیرِ بحث لائی جا سکتی ہے۔۔۔ ’ آپ واقعات کی اہمیت کا اندازہ ان کے شور سے نہیں لگا سکتے‘۔۔۔ بم دھماکوں کی آواز پر کہے گئے مسٹر چپس کے یہ الفاظ نوجوان ذہنوں کو کئی طرح کی دانائی عطا کر جاتے ہیں۔

ملکہء وکٹوریہ نے 1851 میں ’عظیم نمائش‘ کا جوآغاز کیا ، آج وہی مشینیں دنیا کو ٹیکنالوجی کی نمائشوں کے ایک تسلسل کے ذریعے تیز رفتاری سے آگے بڑھتی آئندہ رونما ہونے والی اکسپو۔2020 کی طرف لے جا رہی ہیں جو دبئی میں منعقد کی جائے گی۔ جس کی کہ پوری دنیا منتظر ہے۔ ناول کو آج کی اس بڑی تصویر کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ناول کے مطابق، مسٹر چپس کی طویل عمر، اس بیسویں صدی کی جدید دنیا کو ابھرتے اور ٹکنالوجی کے اعتبار سے پیش رفت کرتے برسوں کا احاطہ کرتی ہے۔ ٹکنالوجی سے قبل اور بعد کے دور کا ایک نہایت احسن تقابلی جائزہ نوجوان ذہنوں کو ایک تحقیقی سفر پہ لے جا سکتا ہے۔

ناول کا سب سے خوبصورت پہلو، ہیروئن کیتھرین برجز کا مختصر کردار، یہ دکھاتا ہے کہ کیسے ایک سچا عشق انسان کو بدل کہ رکھ دیتا ہے۔ مسٹر چپس کے روائتی ، سخت مزاج ، مردانہ بالادستی کے حامل خیالات کی جدید، روادار اور ترقی پسند شخص میں تبدیلی ناول کا ایک سخت پہلو ہے جسے نہایت ہی آسانی سے بیان کر دیا گیا۔ یہ اس ناول کا کمال ہے۔ ایسا مرد معاشرے میں عورت کے کردار۔۔۔عورت کا اپنی منطق کے اظہار ۔۔۔اور مواقع کے حصول کے حق کو تسلیم کرتا نظر آتاہے۔ ناول کا یہ پہلوآج کے روشن خیال ذہنوں کے لئے بحث کے کئی در وا کرتا ہے۔کیا حقوقِ نسواں کے یہ مسائل پاکستان میں ہمیں درپیش نہیں؟

حیرت انگیز طور پر، جیمز ہلٹن، تعلیمی کاروبار پر اس ناول کے ذریعے ایک صدی قبل روشنی ڈالتا ہے، جو آج ہر فرد کو متاثر کر رہا ہے۔ کیا یہ ہمارے آج کے تعلیمی مسائل کی بات نہیں؟ ہم مسٹر چپس کے الفاظ کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔۔۔’ وقار اور رواداری جیسی اقدار آج کے جنونی دور میں ناپید ہوتی جا رہی ہیں‘۔۔۔۔ ناول کے کلائمیکس میں، آج کے دور کا جدید طرزِ تعلیم کا بڑھتا ہوا رجحان جو اس تعلیمی کاروبار کو چلا رہا ہے، بڑے ہی متاثرکن انداز میں پیش کیا گیا۔ طلباء کے مابین روائتی طرزِ تعلیم بمقابلہ جدید طرزِ تعلیم جیسے موضوع پر بحث کے در وا کئے جا سکتے ہیں۔ دونوں ہی کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر ناول کے ذریعے بات کی جا سکتی ہے۔۔۔ ایک استاد کا رتبہ، وقار اور ’اختیار‘ جو آج کے جدید دور میں چیلنج کیا جا چکا ہے، اس پر ناول میں بڑے پرزور انداز میں آواز اٹھائی گئی ہے ۔

استاد کے احترام کے استحقاق کو چیلنج کرنے والا، غیر معقول جدید اندازِ فکر، اس کتاب کا سب سے اہم موضوع ہے۔ اس اخلاقی قدر کو ناول کے ذریعے بڑی خوبصورتی سے نوجوانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ہم ایک استاد کو لیکچر کے دوران، اپنے شاگردوں کو بے ضرر مزاح سے محظوظ کرتے دیکھتے ہیں جس کے بدلے وہ شاگردوں سے عقیدت سمیٹتا ہے۔

’ کبھی مجھے یاد کیا کرنا۔۔۔ میری یادوں میں تو آپ یقیناً رہو گے‘۔۔۔ مسٹر چپس کے یہ خوبصورت الفاظ اپنے اساتذہ کے لئے اُس جذباتی یاد کے عکّاس ہیں جس کے حصار میں ہم تمام عمر رہا کرتے ہیں۔

بقول لانجائنس کے، ’ اصل فن، فن کو پوشیدہ رکھنے میں ہے‘ ۔۔۔ ہم یہ خراجِ تحسین جیمس ہلٹن کو پیش کر سکتے ہیں جس نے بظاہر ایک سکول ماسٹر کی کہانی بیان کی، جو اپنے روزو شب اپنے طلباء کے ساتھ گزارتا ہے ، مگر یہ کہانی درپردہ کئی فکر انگیز خیالات کو جنم دیتی ہے۔۔ اگر اس کتاب کو محض سطحی اعتبار سے بھی دیکھا جائے، تو بھی یہ طلباء کو بہت سے سبق سکھاتی نظر آتی ہے۔ یہ ناول انھیں زندگی کے سفر پہ لے جاتا ہے ۔۔۔جہاں وہ سیکھتے ہیں کہ صرف جسمانی طور پہ مضبوط یا ذہنی طور پہ شاطر شخص ہی ’ہیرو‘ نہیں ہوا کرتا۔۔۔ جہاں وہ یہ سیکھتے ہیں کہ زندگی ظاہری چکا چوند نہیں بلکہ انسان کے اس دھرتی پر سادہ، خا موش اور باوصف وجود کا نام ہے۔۔ ۔جہاں وہ اپنے اساتذہ پہ اعتماد کرنا سیکھتے ہیں کہ یہی وہ گہرا اور پاکیزہ تعلق ہے جو تمام عمر ایک معتبر یاد اور راہنمائی کی صورت ان کے ساتھ چلنے والا ہے۔

اس بات کا اختتام یہ کہتے ہوئے کروں گی کہ وسیع مطالعہ کی عادت کو پروان چڑھانے کے لئے ایک یا دومزید ناول ( انگریزی یا امریکی ادب سے) شامل کئے جا سکتے ہیں ۔ مگر جہاں تک گڈ بائے مسٹر چپس کی بات ہے، یہ ہمارے بچوں کے لئے انگریزی ادب سے ایک بہترین انتخاب ہے۔
ختم شد۔ Mar 10, 2018


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2