سپریم کورٹ نے ڈاکٹر شاہد مسعود کی معذرت مسترد کر دی: قانون کے مطابق کارروائی ہو گی


سپریم کورٹ نے قصور میں زینب سمیت دیگر کمسن بچیوں کے قاتل عمران علی سے متعلق جھوٹے انکشافات کے معاملے پر ٹی وی اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کا جواب مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پیر کو ڈاکٹر شاہد مسعود کے الزامات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق پیر کو معاملے کی سماعت شروع ہوئی تو شاہد مسعود کے وکیل شاہ خاور نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ان کے موکل کی جانب سے نیا تحریری جواب جمع کروایا گیا ہے جس میں ندامت کا اظہار کیا گیا ہے۔

شاہد مسعود کے وکیل عدالت میں یہ بھی کہا کہ اگر یہ توہین عدالت کا کیس ہے تو ان کے موکل معافی مانگ لیتے ہیں جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ معافی کا وقت گزر گیا، اب قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اُنھوں نے کہا کہ اس جواب میں واضح طور پر معافی کا بھی نہیں لکھا گیا اور صرف اتنا کہا گیا ہے کہ اُنھیں دعوے جھوٹے ثابت ہونے پر ندامت ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے مزید ریماکس دیے کہ ‘دیکھنا ہو گا کہ عدالت میں غلط بیانی پر دہشت گردی ایکٹ لگانا ہے یا نہیں’ اور یہ کہ ‘شاہد مسعود پر کس قانون کا اطلاق ہو گا۔’

سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کس حد تک غلطی ہوئی ہے، چینل کتنے دن تک بند ہو سکتا ہے اور شاہد مسعود پر کتنے دن کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے، ان تمام حالات کا جائزہ لیں گے۔

عدالت نے فیصل صدیقی کو اس سلسلے میں عدالتی معاون مقرر کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس بارے میں بتائیں کہ عدالت اس بارے میں کہاں تک جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے قصور میں آٹھ سالہ زینب کو جنسی تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے مقدمے میں موت کی سزا پانے والے مجرم عمران علی کے بارے میں کیے جانے والے دعوؤں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا۔

یکم مارچ کو سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ زینب قتل سے متعلق ڈاکٹر شاہد مسعود اپنے پروگرام میں ملزم عمران علی کے بارے میں جو 18 مبینہ حقائق سامنے لے کر آئے تھے ان میں سے کوئی ایک بھی ثابت نہیں ہوا ہے۔ عدالت نے اس از خو نوٹس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

دوسری طرف سپریم کورٹ نے حکمراں جماعت کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملزم پر فرد جرم26 مارچ کو عائد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی نہال ہاشمی توہین عدالت کے مقدمے میں ایک ماہ کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ سزا پوری ہونے کے بعد جیل سے رہائی پر اُنھوں نے ایک مرتبہ پھر اعلی عدلیہ کے ججز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے اُنھیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32567 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp