ملائیشیا کے جھنڈے کو ’دولت اسلامیہ کی علامت‘ سمجھا گیا


امریکہ میں جھنڈے پر ہونے والے تنازع کے بعد ایک مسلمان شخص کی رکنیت کو محدود کرنے پر ملازمتوں کی ایسوسی ایشن کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

مسلمان شخص منیر زینیئل نے اس تنظیم کی ایک پراپرٹی کو ملائیشیا کا یوم آزادی منانے کے لیے کرائے پر دیا تھا۔

اس دوران ایک شخص نے ایف بی آئی کو یہ شکایت لگا دی کہ اس پراپرٹی پر چند مسلمان افراد ایک ایسا امریکی جھنڈا لہرا رہے ہیں جس کی شکل بگاڑ کر اس پر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی علامات بنائی گئی ہیں۔

تحقیقات کو اس وقت ختم کر دیا گیا جب یہ معلوم ہوا کہ وہ دراصل ملائیشیا کا جھنڈا ہے۔

لیکن یہ ثابت ہونے کے باوجود منیر زینیئل کو کسی قسم کے ایونٹ کی میزبانی سے روک دیا گیا۔

دی امیریکن سِول لبرٹیز یونین نے ملازموں کی یونین سپِرٹ بوئنگ کے خلاف ‘نسلی تعصب اور مذہبی بنیادوں پر امتیاز’ کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

’تعصب‘

منیر زینیئل کا تعلق ملائیشیا سے ہے اور وہ ایک ایرو سپیس انجینیئر ہیں۔ انھوں نے ستمبر 2017 میں رمضان کے بعد ملائیشیا کا یوم آزادی منانے کے لیے وہ پراپرٹی کرائے پر دی تھی۔ وہ اس وقت اس ایسوسی ایشن کی رکنیت کے لیے پیسے ادا کر رہے تھے اور انھیں ملنے والی مراعات میں یہ شامل تھا کہ وہ پراپرٹیز کو کرائے پر دے سکیں۔

اُس وقت درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا تھا کہ اُس دعوت میں انڈین اور ملائیشین نژاد ایسی خواتین شامل تھیں جنھوں نے حجاب پہن رکھے تھے۔

دی امیریکن سِول لِبرٹیز یونین کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ‘کسی کو اس کی شکل و صورت اور اپنے ورثے کے مطابق جشن منانے کی وجہ سے دہشت گرد قرار دے دینا شرمناک ہے۔ اور ایف بی آئی کی جانب سے کیس ختم کرنے کے باوجود اس الزام کو استعمال کرتے ہوئے تعصب کرتے رہنے کا مطلب ہے کہ آپ قصوروار ہیں’۔

ملازمین کی ایسوسی ایشن سپِرٹ بوئنگ نے اس بارے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp