مصر میں "شفاف اور منصفانہ” صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ جاری


مصر میں ہفتے کے روز صدارتی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ ان انتخابات میں برسراقتدار صدر جنرل عبد الفتاح سیسی کی کامیابی یقینی ہے۔

17 فروری کو مصر کی سیکیورٹی فورسز نے دار الحکومت قاہرہ کے مرکزی علاقے میں واقع مصر کی ’’مضبوط مصر پارٹی‘‘ کے ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا۔ مصر کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق اس کا حکم نیشنل سیکیورٹی سیکریٹریٹ کی جانب سے صادر کیا گیا تھا۔ مضبوط مصر پارٹی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا: ’’جارڈن سٹی سوسائٹی میں واقع پارٹی ہیڈ آفس میں موجود کارکن ساتھیوں کی وساطت سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پارٹی کے ہیڈ آفس پر قصر النیل پولیس کانسٹیبلری کا پہرہ لگا دیا گیا ہے۔ اس وقوعے سے چند ہی روز پہلے پارٹی کے سربراہ عبد المنعم ابو الفتوح کو بیرون ملک سفر سے واپسی پر 14 فروری کے روز اخوان المسلمون سے ’’روابط‘‘ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اخوان کو مصر میں خلافِ قانون قرار دیا جا چکا ہے۔

مصر کی متعدد انسانی حقوق کی خاطر متحرک تنظیموں نے ابو الفتوح کی گرفتاری اور پندرہ روزہ ریمانڈ کے لیے حراست پر شدید تنقید کی ہے۔ ان تنظیموں نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ: ’’صدر عبد الفتاح سیسی صدارتی انتخابات میں تمام سنجیدہ امید واروں کا قلع قمع کرنے سے فراغت کے بعد اب ان آوازوں کا گلا بھی گھونٹنا چاہتے ہیں جو انتخابی عمل کے نام پر ہونے والے مذاق کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کر رہی ہیں‘‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ: ’’مارچ کے مہینے میں مصر میں صدارتی انتخابات نہیں بلکہ موجودہ صدر کی تجدیدِ بیعت کا کھیل کھیلا جائے گا۔ جس کا انتخابات بلکہ بذات خود جمہوری عمل سے ہی کوئی تعلق نہیں۔ یہ ایک غیر آئینی آپریشن ہے اور اس سے برآمد ہونے والے نتائج مصر میں سیاسی عدم استحکام اور مزید تباہی کا سبب بنیں گے‘‘۔

اسی تناظر میں 14 علاقائی و بین الاقوامی انسانی حقوق آرگنائزیشنز نے (جن میں ہیومن رائٹس واچ بھی شامل ہے) ایک دوسرا بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ متوقع صدارتی الیکشن میں: ’’مصری حکومت آزادانہ و شفّاف انتخابات کے انتہائی بنیادی تقاضے بھی پورے نہیں کر رہی‘‘ ۔

اسی بیان میں امریکہ یورپی یونین اور یورپی ممالک سے درخواست بھی کی گئی کہ ’’تمام ممکنہ توانائیوں کو استعمال کر کے خطے کے اندرونی استحکام کو غیر یقینی صورت حال سے بچایا جائے، اور ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنی توجہ بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت ممکن بنانے کی تدابیر پر مرکوز رکھیں‘‘۔

’’مصر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے، اور قانون کا اطلاق سبھی پر ہونا چاہیے‘‘

دوسری طرف بی بی سی عربی کے ساتھ گفتگو کے دوران مصری پارلیمنٹ کے ممبر بریگیڈیئر عماد محروس کا کہنا تھا کہ ’’قانون مصر کے ہر چھوٹے بڑے شہری پر یکساں طریقے سے لاگو ہوتا ہے، اس حوالے سے کوئی امتیاز نہیں ہے، ہم بہر حال ایک آئینی ریاست ہیں‘‘۔

مصری پارلیمنٹ کے ممبر نے مزید کہا کہ ’’جب مصر کی نیشنل سیکیورٹی کا معاملہ ہو تو معاملے میں کسی قسم کی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ بہرطور نامناسب ہے، جبکہ اس وقت ہم دہشت گردی کے سیاہ عفریت سے بر سرِ پیکار ہیں‘‘

انسانی حقوق کی تنظیموں کے اعتراضات پر تبصرہ کرتے ہوئے بریگیڈئیر محروس کی رائے تھی کہ: ’’انسانی حقوق کی تنظیموں کی وہ قراردادیں جن میں مصر کے حالات پر تنقید کی گئی ہے، یہ قراردادیں مصر کے معاملات کی نوعیت سے ناواقفیت کی بنا پر صادر کی گئی ہیں۔ ان قراردادوں کے مرتّبین کو مصر کے حالیہ واقعات کی حقیقی صورت حال اور مصری ریاست کو درپیش چیلنجز کا صحیح ادراک و فہم حاصل نہیں‘‘۔

26 مارچ کو مصر کے شہری دو امیدواروں کے درمیان ہونے والے انتخابی معرکے کے فاتح کا انتخاب کریں گے۔ ان امیدواروں میں سے ایک موجودہ مصری صدر عبد الفتاح سیسی ہیں۔ جبکہ دوسرے امیدوار حزب الغد (جماعتِ روزِ آئندہ) کے سربراہ موسی مصطفی موسی ہیں، جو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے سے چند دن پیشتر تک صدر عبد الفتاح سیسی کے شدید حامی اور ان کی دوسری صدارتی مدّت کے لیے انتخاب کیے جانے کے حق میں تھے۔

مصری فوج نے 23 جنوری کو اپنے سابق کمانڈر انچیف جنرل سامی عدنان کو الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرنے کے فوراً بعد گرفتار کر لیا۔ ان پر عسکری قوانین کی خلاف ورزی اور فوج کے خلاف پروپیگنڈے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ آخری اطلاعات آنے تک سامی عدنان عسکری قید خانے میں ہی بند ہیں۔

ایک دوسرے امیدوار سابق وزیر اعظم او ر سابق ایئر چیف احمد شفیق تھے جنھوں نے امارات میں خود اختیار کردہ جلاوطنی کے دوران مبیّنہ طور پر دباؤ کا نشانہ بنائے جانے پر مصر واپس آ کر کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا اعلان کر دیا۔

اسی طرح انسانی حقوق کے متحرک کارکن اور مشہور وکیل خالد علی نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی انتخابی مہم کے کارکنوں کو بڑے پیمانے پر گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’’اس طرح کي كارروائيوں سے انتخابی نظام کو زہر آلود کیا جا رہا ہے تا کہ مصر میں آزاد اور منصفانہ الیکشن کا انعقاد ممکن نہ ہو سکے‘‘۔

کچھ ہی عرصہ پہلے مصری سیکیورٹی فورسز نے مضبوط مصر پارٹی کے نائب صدر اور سابق چیف آڈیٹر جنرل ہشام جنینہ کو بھی متعدد ایکٹوسٹ خواتین و حضرات کے ہمراہ حراست میں لے لیا تھا۔

ایمنسٹی انٹر نیشنل اس سے پہلے ان گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک پریس ریلیز میں مصر کے سیاسی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کے لاپتہ ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کر چکی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نزدیک ان گمشدگیوں کی ذمہ داری مصری اتھارٹیز پر عائد ہوتی ہے۔

بی بی سی عربی سے خصوصی ترجمہ برائے ہم سب: حسن ہمدانی

http://www.bbc.com/arabic/interactivity-43106596


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp