ملالہ یوسف زئی وزیر اعظم ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں (ویڈیو)


ملالہ کا کہنا تھا کہ پاکستان واپس آنا وہ خواب تھا جو وہ ہمیشہ سے دیکھتی آئی تھیں۔ امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت ملالہ یوسفزئی نے ساڑھے پانچ برس کے وقفے کے بعد اپنے آبائی وطن پاکستان پہنچنے پر کہا ہے کہ یہ ان کی زندگی میں سب سے زیادہ خوشی کا دن ہے کہ وہ اپنے وطن میں اپنی مٹی پہ کھڑی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی بدھ کی شب اسلام آباد پہنچیں اور پاکستان میں ان کا قیام چار روز کے لیے ہو گا۔ 20 سالہ ملالہ کو اکتوبر 2012 میں طالبان کے قاتلانہ حملے کے بعد علاج کے لیے انگلینڈ منتقل کیا گیا تھا اور وہ صحت یاب ہونے کے بعد حصولِ تعلیم کے لیے وہیں مقیم ہیں۔

جمعرات کو ملالہ نے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ کا کہنا تھا کہ پاکستان واپسی ان کے لیے سب سے زیادہ خوشی کا موقع ہے۔ ‘میں بہت خوش ہوں، ابھی تک یقین نہیں آ رہا۔’ ان کا کہنا تھا کہ جب انہیں اپنا وطن یاد آتا تو انگلینڈ کے شہروں میں سفر کرتے ہوئے جہاز یا گاڑی میں بیٹھے میں خود سے کہتیں کہ ’تصور کرو کہ تم اپنے شہر میں ہو، یہی پاکستان کے شہر ہیں۔ لیکن میں جانتی تھی کہ وہ سچ نہیں تھا۔’

خطاب کے دوران پاکستان سے محبت کی بات کرتے ہوئے ملالہ آبدیدہ ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میرا ہمیشہ یہی خواب تھا کہ میں پاکستان جاؤں اور بنا کسی خوف کے سڑکوں پر چل سکوں اور لوگوں سے مل سکوں، بات کر سکوں اور میرا گھر ویسا ہی ہو جیسا پہلے تھا۔’ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور اس پر توجہ دینی چاہیے اور ان نوجوانوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ انھوں نے بتایا کہ ملالہ فنڈ سے 60 لاکھ ڈالر پہلے ہی پاکستان میں مختلف منصوبوں پر لگائے جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں امید کرتی ہوں کہ پاکستان کی بہتری کے مقصد میں ہم ساتھ کام کریں۔ خاص طور پر عورتوں کو اتنا اختیار ہو کہ وہ ملازمت کر سکیں، اپنے قدموں پر کھڑی ہو سکیں۔‘

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب میں ملالہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ہماری بچی جس نے دنیا میں بے پناہ شہرت حاصل کی، آج ہمارے گھر واپس آئی ہے۔’ انھوں نے مزید کہا کہ ’دنیا نے آپ کو عزت دی اور پاکستان بھی آپ کو عزت دے گا۔پاکستان آپ کا گھر ہے اور آپ عام شہری نہیں آپ کی سکیورٹی ہم پر لازم ہے۔ ‘

وزیراعظم نے سال 2012 میں ملالہ پر ہونے والے حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ پاکستان سے گئیں تو دہشت گردی عروج پر تھی اور آج سکیورٹی فورسز اور عام شہری کی قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔‘ انھوں نے ملالہ سے کہا کہ ’دنیا جو مرضی کہتی رہے آج دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ دنیا کو یہ پیغام پہنچائیں۔’

ملالہ کی تعلیم کے شعبے میں کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم عباسی نے کہا کہ’ آپ نے نوجوانوں خاص کر بچیوں کی تعلیم کے لیے جو کوششیں کر رہی ہیں ان کے لیے ہم دعا گو ہیں کہ وہ کامیاب ہوں اور اللہ تعالیٰ آپ کو کامیاب کرے۔‘


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp