میشا شفیع کا علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام
پاکستان کی مقبول گلوکارہ، اداکارہ اور ماڈل میشا شفیع نے گلوکار اور اداکار علی ظفر پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ایسا انہوں نے آج اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ کے ذریعے کیا۔ یہ ٹیوٹ بہت کم وقت میں ایک ہزار سے زیادہ بار شئیر کیا جا چکا ہے، اور اس پر آنے والے کمنٹس کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔
#MeToo والی اپنی ٹویٹ میں میشا شفیع نے لکھا کہ ’میں اس وجہ سے یہ بات شیئر کر رہی ہوں کیوں کہ مجھے لگتا ہے کہ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کرکے میں خاموشی کی اس روایت کو توڑ سکتی ہوں جو ہمارے معاشرے کا حصہ ہے۔ اس طرح کھل کر بات کرنا آسان نہیں ہے۔۔ لیکن خاموش رہنا اور بھی زیادہ مشکل ہے۔ میرا ضمیر مجھے اب مزید اس کی اجازت نہیں دیتا۔‘
انہوں نے مزید لکھا، ’میری ہی انڈسٹری میں میرے ساتھ کام کرنے والے ایک ساتھی نے مجھے ایک سے زیادہ بار جنسی طور پر ہراساں کیا ہے: علی ظفر نے۔ یہ سب تب نہیں ہوا جب میں چھوٹی تھی، یا انڈسٹری میں نئی تھی۔ یہ میرے ایک پراعتماد، کامیاب، اور چپ نہ رہنے والی عورت ہونے کے باوجود ہوا۔ یہ میرے ساتھ دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود ہوا!‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’یہ تجربہ میرے اور میرے خاندان کے لیے شدید صدمے کا باعث بنا ہے۔ میں علی کو کئی سالوں سے جانتی ہوں۔ میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔ ان کے اس برتاؤ سے میرے یقین کو چوٹ پہنچی ہے۔ اور میں جانتی ہوں کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔
آج میں اس خاموشی کو توڑ کر امید کرتی ہوں کہ یہ اس ملک کی دوسری نوجوان خواتین کے لیے ایک مثال بن جائے گی، کہ وہ بھی ایسا کر سکتی ہیں۔ ہمارے پاس اپنی آوازوں کے سوا اور کچھ نہیں، اور وقت آگیا ہے کہ ہم ان کا استعمال کریں۔‘
میشا شفیع ایک مقبول گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں بھی کام چکی ہیں۔ علی ظفر کی ہی طرح وہ کوک سٹوڈیو کے ساتھ بھی منسلک رہ چکی ہیں۔
علی ظفر اپنے مقبول گانوں کے علاوہ کئی بالی وڈ فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔ بی بی سی نے اس بارے میں ان سے رابطہ کیا ہے، اور ہم اب تک ان کے جواب کے منتظر ہیں۔


