’اپنی دھن کی پکی مدیحہ گوہر کو بھلایا نہ جا سکے گا‘


مدیحہ گوہر

مدیحہ گوہر 1956 میں پیدا ہوئی تھیں

سٹیج اور ٹی وی کی معروف فنکارہ اور حقوقِ انسانی کی سرگرم کارکن مدیحہ گوہر بدھ کو لاہور میں انتقال کر گئیں۔ وہ پچھلے تین برس سے سرطان کے خلاف نبرد آزما تھیں۔

1956 میں پیدا ہونے والی مدیحہ گوہر کی پرورش ایک علمی اور ادبی ماحول میں ہوئی۔ ان کی والدہ خدیجہ گوہر خود بھی قلم کار تھیں۔ ان کے ناول “The Coming Season’d Yield” کا اردو ترجمہ ’امیدوں کی فصل‘ کے نام سے ہو چکا ہے۔

مدیحہ کی بہن فریال گوہر ادب، آرٹ اور کلچر میں اپنا خاص مقام رکھتی ہیں اور شوہر شاہد محمود ندیم پاکستانی میڈیا کی جانی پہچانی شخصیت ہیں۔

مدیحہ نے 1978 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادب میں ایم اے کیا، پھر مزید تعلیم کے لیے لندن چلی گئیں اور یونیورسٹی آف لندن سے تھیٹر کے فن میں ماسٹرز کیا۔

1983 میں لاہور واپس آنے کے بعد انھوں نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر اجوکا تھیٹر کی بنیاد رکھی۔ اس تھیٹر گروپ کا خمیر جنوبی ایشیا کے عوامی تھیٹر سے اٹھایا گیا تھا اور بہت سے مقامی مسائل کو نوٹنکی کے روپ میں پیش کر کے ایک نئی طرح کے تھیٹر کو رواج دیا گیا تھا جس میں سٹیج کی مغربی روایت کے ساتھ ساتھ دیسی سوانگ کی سادگی اور پرکاری بھی موجود تھی۔ ان کے اس تجربے نے بھارت، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے علاوہ یورپ میں بھی بہت داد پائی۔

ان کے ڈراموں میں برابری، انصاف، برداشت، اور انسان دوستی کے موضوعات ملتے ہیں اور صنفی مساوات پر بالخصوص زور دیا جاتا ہے۔

اس نوعیت کا ایک طنزیہ کھیل بُرقعہ ویگینزا 2007 میں پیش کیا گیا لیکن رجعت پسند حلقوں نے اس کی شدید مخالفت کی اور کچھ اراکینِ پارلیمان نے اس وقت کے وزیرِ ثقافت کو سخت نتائج بھگتنے کی دھمکی بھی دی جس کے بعد اس کھیل پر پابندی لگ گئی لیکن روشن خیال طبقہ اور حقوقِ نسواں کی تنظیمیں اس کھیل کی سر پرستی کرتی رہیں اور اسے انگریزی میں ترجمہ کر کے دنیا بھر میں اس کی نمائش کی گئی۔

مدیحہ گوہر دُھن کی پکی تھیں اور نظم و ضبط کے معاملے میں سخت گیر رویہ رکھتی تھیں۔ سٹیج کی دنیا میں ان کی ہمہ صفت شخصیت کو عرصہِ دراز تک نہ بھلایا جا سکے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp