لاہور میں پی ٹی آئی کا جلسہ، ’سونامی پلس‘ کا دعویٰ
پاکستان تحریکِ انصاف آج لاہور کے اقبال پارک میں مینار پاکستان کے مقام پر جلسہ کر رہی ہے جس کا مرکزی پیغام ’دو نہیں ایک پاکستان‘ رکھا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عمران خان اس جلسے میں اپنے نئے دس نکاتی پلان کا اعلان کریں گے۔ عمران خان اپنے آج کے خطاب کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ وہ ان کے سیاسی کیریئر کا سب سے اہم خطاب ہوگا۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے اس جلسے کے شرکت کے لیے لاہور شہر میں تو اپیل کی ہے تاہم ملک کے دیگر شہروں سے بھی قافلے لائے جا رہے ہیں اور شہر میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
جلسہ گاہ سے براہِ راست دیکھائے جانے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی ہزار کارکن پہنچ چکے ہیں اور جلسے کا پنڈال سج چکا ہے۔ اب سے کچھ دیر قبل حال ہی میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے رہنما ندیم افضل چن نے جلسے سے خطاب کیا تھا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ عمران خان جلسے سے مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے خطاب کریں گے۔
گذشتہ شب پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا جس کے بعد انھوں نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ’جلسے سے ایک رات قبل اس قسم کا جنون کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ انشاء اللہ کل مینار پاکستان "ام الاجتماعات” کا منظر پیش کرے گا۔‘
پاکستان تحریکِ انصاف کے ذرائع کے حوالے سے مقامی چینلز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آج کے جلسے کو سپر پلس جلسہ قرار دے رہی ہے اور جلسہ انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شرکا کے بیٹھنے کے لیے گراؤنڈ میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
اس علاوہ میڈیا پر نشر کی جانے والی اطلاعات کے مطابق جلسہ گاہ میں اوپر تلے دو سٹیج تیار کیے گئے ہیں، ایک پر مرکزی قائدین اور دوسرے کو مقررین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
اس مرتبہ خواتین کے پنڈال کو چاروں طرف سے بند رکھا گيا ہے اور مختلف دور دراز شہروں سے آںے والوں کے لیے کھانے اور رہائش کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے لاہور شہر میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے دو ہزار سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ متعدد شاہراہوں پر بھی خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔


