ٹرمپ کی طرف سے پورن سٹار کو رقم کی ادائیگی کی تصدیق ہو گئی


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وکیل کو کی گئی ادائیگیوں کی تفصیل باضابطہ طور پر ظاہر کر دی ہے جنھوں نے ایک پورن سٹار کا منھ بند کرنے کے لیے اسے رقم دی تھی۔

دفتر برائے سرکاری اخلاقیات (او جی ای) کو بدھ کے روز معلوم ہوا کہ ٹرمپ کو اس ادائیگی کی اطلاع اپنے پچھلے مالیاتی گوشوارے میں ظاہر کرنی چاہیے تھی۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انھوں نے مائیکل کوہن کو 2016 کے اخراجات کے لیے ایک لاکھ اور ڈھائی لاکھ ڈالر کے درمیان ادائیگی کی۔

صدر ٹرمپ نے اس سے قبل پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو دیے جانے والے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر سے لاعلمی ظاہر کی تھی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ یہ بات ‘شفافیت کی غرض سے’ ظاہر کی جا رہی ہے اور کہا ہے کہ اس کا افشا ضروری نہیں تھا۔ تاہم دفترِ اخلاقیات او جی ای نے ایک خط میں لکھا کہ ‘مسٹر کوہن کو کی جانے والی ادائیگی کو ظاہر کرنا ضروری تھا۔’

نائب اٹارنی جنرل راڈ روزنسٹین کو لکھے گئے اس خط میں او جی اے کے قائم مقام ڈائریکٹر نے لکھا ہے: ‘یہ انکشاف اس تفتیش سے متعلق ہو سکتا ہے جو آپ کر رہے ہیں۔’

نائب اٹارنی جنرل امریکی محکمۂ انصاف کی اس تفتیش کے نگران ہیں جو وہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی ٹیم کی روس کے ساتھ ممکنہ ساز باز کے سلسلے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔

اگر یہ ثابت ہو گیا کہ سٹورمی ڈینیئلز کو صدارتی مہم کی چندے کی رقم سے ادائیگی کی گئی تھی تو یہ ٹرمپ کے پریشان کن ثابت ہو سکتی ہے۔

گذشتہ ماہ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے کوہن کے ریکارڈز قبضے میں لیے تھے، اور اس وقت ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

ڈینیئیلز نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ٹرمپ کے ساتھ جنسی تعلقات تھے، جنھیں چھپانے کی غرض سے ٹرمپ کے وکیل نے صدارتی انتخابات سے قبل انھیں ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔

ٹرمپ اس کی سختی سے تردید کر چکے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ رقم ان کے وکیل نے اپنی جیب سے ادا کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp